دہلی ایئرپورٹ پر سفری بحران، بھارت کی ایوی ایشن افراتفری کا شکار
بھارتی سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (PTI) نے تصدیق کی ہے کہ دہلی ایئرپورٹ پر آج آنے اور جانے والی 90 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جن میں 5 بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہیں۔ ان پروازوں کی منسوخی بھارتی ایئر اسپیس کی بندش کے بعد عمل میں آئی ہے، جو حالیہ کشیدگی اور پاکستان کے جوابی حملے کے خدشات کے پیش نظر نافذ کی گئی۔
ایئر اسپیس کی بندش، 27 ہوائی اڈے عارضی طور پر بند
بھارت نے پاکستان کی جانب سے ممکنہ ردعمل کے پیش نظر ملک بھر میں 27 سے زائد ہوائی اڈے عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔ بھارتی وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم (NOTAM) میں بتایا گیا کہ یہ بندش 10 مئی کی صبح 5:29 بجے تک نافذ العمل رہے گی۔ اس بندش کا مقصد سیکیورٹی خطرات سے نمٹنا اور حساس علاقوں میں فضائی آپریشنز کو معطل رکھنا ہے۔
متاثرہ ہوائی اڈوں کی فہرست
بھارتی اخبار ’’دی ہندو‘‘ کے مطابق جن ایئرپورٹس کو بند کیا گیا ہے ان میں سری نگر، لیہہ، امرتسر، چندی گڑھ، پٹیالہ، شملہ، دھرم شالہ، جودھ پور، بیکانیر، جیسلمیر، کشن گڑھ، بھودرہ، راجستھان، کانڈلا، کیشود اور بھوج شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر ایئرپورٹس کا استعمال مشترکہ طور پر انڈین ایئر فورس اور کمرشل ایئر لائنز کرتی ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ سیکیورٹی خدشات فوجی نوعیت کے بھی ہیں۔
پاکستان کے ردعمل کے خوف کا اثر
یہ تمام اقدامات بھارت کی اندرونی دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہیں، جو پاکستان کے ممکنہ جوابی اقدامات سے بچاؤ کے لیے اپنائی گئی ہے۔ بھارتی حکومت کے فیصلے سے ملک میں فضائی نقل و حرکت بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کا براہِ راست اثر ہزاروں مسافروں پر پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:برطانیہ کا بعض ممالک کے شہریوں کے ویزے محدود کرنے پر غور، کیا پاکستانی بھی متاثر ہوں گے؟