بھارتی حملے میں معصوم بچوں سمیت 26 پاکستانی شہید
بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفرآباد اور باغ کے علاوہ پنجاب کے شہروں مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں 2 مساجد بھی شہید ہوئیں جبکہ مجموعی طور پر 26 افراد شہید اور 46 شدید زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ کرنل ظہیر کا 7 سالہ بیٹا ارتضیٰ عباس شہید
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی جارحیت میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل ظہیر کے 7 سالہ بیٹے ارتضیٰ عباس کی شہادت ہوئی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر منظرعام پر آچکی ہیں۔ معصوم بچے کی شہادت نے ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے اور عوامی سطح پر بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔
پاک فوج کا منہ توڑ جواب، بھارتی فضائیہ اور انفراسٹرکچر کو نقصان
بھارتی بزدلانہ حملوں کے بعد پاک فوج نے نہایت مؤثر اور بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل، ایک سکوئی، ایک مگ 29 اور 2 ڈرون طیارے تباہ کیے گئے۔ اس کے ساتھ بھارتی فوج کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
بھارتی فوج کی شکست، لائن آف کنٹرول پر سفید جھنڈے
پاکستانی فوج کے تابڑ توڑ اور موثر حملے کے بعد بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے مختلف مقامات پر سفید جھنڈے لہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ بھارت کی کھلی ہزیمت کا ثبوت ہے اور ایک بار پھر پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور طاقت کا مظہر ہے۔

