ایرانی اہداف پر اسرائیلی حملے
اسرائیلی فوج نے پیر کی رات ایران کے اندر 20 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں جوہری پروگرام کے صدر دفاتر شامل تھے۔ ترجمان کے مطابق اسرائیل نے ایران پر فضائی برتری حاصل کرلی ہے اور ایرانی میزائل لانچرز کا ایک تہائی حصہ تباہ کردیا گیا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایرانی خطرے کو جڑ سے ختم کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
ایرانی حملوں کی قیمت تہران ادا کرے گا: اسرائیلی وزیر دفاع
اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران پر الزام عائد کیا کہ اس نے میزائل حملوں سے اسرائیلی شہریوں کو نقصان پہنچایا اور اعلان کیا کہ اس کی قیمت تہران کے شہریوں کو چکانا پڑے گی۔ وزیر دفاع نے ایرانی قیادت پر دانستہ طور پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام بھی لگایا۔
امریکا کی خفیہ حمایت: 300 ہیل فائر میزائلز اسرائیل کو منتقل
امریکی عہدیداروں نے انکشاف کیا کہ اسرائیل کے ایران پر حملے سے قبل امریکا نے اسے 300 ہیل فائر میزائلز فراہم کیے۔ یہ میزائلز اسرائیلی فضائی کارروائی میں درست نشانہ لگانے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
ایران اسرائیل کشیدگی کا فضائی آپریشن پر اثر
کشیدہ صورتحال کے باعث سعودی عرب، قطر، یو اے ای، روس، قازقستان، آذربائیجان، ازبکستان، جرمنی اور ترکی سمیت کئی ممالک نے ایران، عراق، اسرائیل اور لبنان کے لیے فلائٹس منسوخ یا معطل کردی ہیں۔
ایران میں موساد ایجنٹ کی پھانسی
ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص اسماعیل فکری کو پھانسی دے دی۔ حالیہ ہفتوں میں یہ اسرائیل کے لیے جاسوسی پر تیسری پھانسی ہے۔
امریکی سیاسی ردعمل
اسرائیل کی کارروائی پر امریکی ری پبلکن رہنماؤں نے بھی تنقید کی۔ سینیٹر رینڈ پال نے کہا کہ امریکی عوام غیر ملکی جنگوں سے تنگ آچکے ہیں، جبکہ کانگریس رکن مارجری گرین نے اسرائیل کی جنگ میں امریکا کی شمولیت کی مخالفت کی۔
ایرانی میزائلوں کا ذخیرہ باقی ہے: اسرائیلی مشیر قومی سلامتی
اسرائیلی مشیر قومی سلامتی نے خبردار کیا کہ ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں، اور فوجی کارروائی سے ایرانی جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں۔
برطانوی حمایت کا امکان
برطانیہ کی وزیر خزانہ نے عندیہ دیا کہ برطانیہ اسرائیل کی ایران سے جنگ میں معاونت کر سکتا ہے، اور برطانیہ کی وزارت خارجہ نے اسرائیل کے سفر سے گریز کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
حماس کی ایرانی حمایت کا اعلان
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے بیان دیا ہے کہ وہ ایران، اس کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، اور اسرائیلی حملوں کے خلاف ایرانی ردعمل کو سراہتے ہیں۔
ایران کا بڑا میزائل حملہ
ایران نے پیر کی صبح اسرائیل پر 100 کے قریب میزائل داغے جن سے 5 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ حیفہ میں پاور پلانٹ تباہ ہوا اور وسطی اسرائیل میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ ایرانی میڈیا نے بن گورین ایئرپورٹ پر بھی حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایرانی میزائل رستے میں کیوں رہ جاتے ہیں؟