ایران کا بڑا جوابی وار: آپریشن وعدہ صادق سوم
ایران نے اسرائیل پر جوابی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ’’آپریشن وعدہ صادق سوم‘‘ کے تحت 150 سے زائد میزائل داغ دیے۔ ایرانی فوج نے ایک گھنٹے کے دوران تین وقفوں میں مجموعی طور پر 150 سے 200 میزائل اسرائیل کی جانب فائر کیے، جن میں پہلے حملے میں 100، دوسرے میں 50 اور تیسرے میں بھی تقریباً 50 میزائل شامل تھے۔
تل ابیب دھماکوں سے گونج اٹھا، وزارت دفاع نشانے پر
اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب ایرانی میزائلوں کی زد میں آ گیا۔ میزائل حملوں کے نتیجے میں شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ایران کے کئی میزائل اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام اور امریکی مدد کے باوجود تل ابیب میں مختلف مقامات پر گرے۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے ایک میزائل براہ راست اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت پر لگا۔
اہم سرکاری اور فوجی تنصیبات نشانے پر
ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں اسرائیل کی قومی سلامتی کی وزارت اور متعدد فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی خفیہ ادارے کے مطابق نیواتم ایئربیس پر کیے گئے حملے میں کئی اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
تل ابیب کی تباہ شدہ عمارت کی ویڈیو سامنے آگئی
حملے کے بعد تل ابیب کی ایک عمارت کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت شدید طور پر تباہ ہو چکی ہے اور اس میں آگ بھڑک رہی ہے۔ شبہ ہے کہ اس میں متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر ایران نے کم از کم 9 مقامات پر اپنے میزائلوں سے حملے کیے۔
زخمیوں کی تعداد اور حالت
اب تک کی اطلاعات کے مطابق ایرانی حملوں میں کم از کم 48 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران اسرائیل جنگ: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ