Tuesday, July 8, 2025
ہومPoliticsامریکی و اسرائیلی حملوں سے ایٹمی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا، ترجمان...

امریکی و اسرائیلی حملوں سے ایٹمی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے الجزیرہ کو انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تنصیبات پر بار بار حملے کیے گئے جس سے بڑا نقصان ہوا، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم اور دیگر ادارے تکنیکی سطح پر کام کر رہے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایرانی سرکاری عہدیدار نے کھل کر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جوہری تنصیبات کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔

قبل ازیں امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی انٹیلیجنس اندازوں کے مطابق ان حملوں سے ایرانی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئیں بلکہ صرف چند ماہ کے لیے پیچھے گئی ہیں، تاہم صدر ٹرمپ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حملوں میں ایران کی جوہری صلاحیت مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز امریکا نے ایران اسرائیل جنگ میں براہِ راست شرکت کرتے ہوئے ایران کی تین بڑی ایٹمی تنصیبات—فردو، نطنز اور اصفہان—کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد اس حملے کے اثرات پر عالمی توجہ مرکوز ہو گئی ہے۔

Most Popular