کراچی میں آندھی اور بارش کا امکان
کراچی کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران آندھی اور کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ نجی موسمیاتی ادارے کے مطابق پیر اور منگل کو شمال مشرقی اور شمال مغربی علاقوں میں گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں، جو آندھی کے ساتھ بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔
شہریوں کیلئے احتیاطی تدابیر
وسمیاتی ادارے نے عوام کو بل بورڈز، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ آندھی سے ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
مزید بارش کی ممکنہ تاریخیں
ادارے نے بتایا ہے کہ کراچی میں 9 سے 10 مئی کے دوران بھی بارش کا امکان موجود ہے۔
سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی
کراچی کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹہ، جامشورو، ٹنڈو اٰلہ یار، ٹنڈو محمد خان، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، روہڑی، شہداد کوٹ، دادو، مورو، نواب شاہ، سیہون، سانگھڑ، بدین، میرپور خاص، گولارچی، مٹھی اور اسلام کوٹ میں بھی گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان میں بھی بارش سے نقصان
دوسری طرف شمال مشرقی بلوچستان میں بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔ کوہلو، مسلم باغ، کان مہترزئی اور قمرالدین میں بارش کے ساتھ اولے پڑے، جبکہ قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں ژالہ باری سے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا