وزیر دفاع کا دو ٹوک پیغام: جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو سخت الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان بھرپور طاقت سے جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خود جنگ کی ابتدا نہیں کرے گا، لیکن اگر دشمن نے حملہ کیا تو جتنی طاقت بھارت استعمال کرے گا، پاکستان اس سے زیادہ طاقت کا مظاہرہ کرے گا۔
دوست ممالک کی ثالثی کی کوششیں اور بھارتی رویہ
خواجہ آصف نے کہا کہ خطے کے بڑے ممالک، پڑوسی اور دوست ممالک اس وقت ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ جنگ کی نوبت نہ آئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت کو ان کوششوں سے عقل آئے گی اور وہ جارحانہ پالیسی سے باز آئے گا۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر بھارت نے غیر ذمہ دارانہ رویہ جاری رکھا تو پاکستان کی طرف سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
بھارت کے حملے کا بڑھتا ہوا خطرہ اور جواب کی تیاری
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، بھارتی حملے کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں۔ پاکستان اس صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر سطح پر تیاری مکمل ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی عوام اور فوج ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہے، اور دشمن کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
بھارتی خاموشی پر شبہات: عالمی تحقیقات کا مطالبہ
خواجہ آصف نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس مؤقف کو دہرایا کہ معاملے کی شفاف بین الاقوامی تحقیقات ہونی چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ابھی تک عالمی تحقیقات کے مطالبے پر کوئی جواب نہیں دیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ’’دال میں کچھ کالا ہے‘‘۔ وزیر دفاع کے مطابق پاکستان عالمی برادری کے سامنے بھی یہ معاملہ اٹھائے گا تاکہ بھارت کے رویے کو بے نقاب کیا جا کے۔
یہ بھی پڑھیں:ہندوستان کیلئے بہتر ہوگا نیا پنگا نہ لے، اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: اسحاق ڈار