گندم کا ریٹ 4200 روپے من ہوگا، کسان اتحاد کا سستی گندم دینے سے انکار
کسان اتحاد کا گندم سستی دینے سے انکار
اسلام آباد میں کسان اتحاد نے واضح کر دیا ہے کہ وہ سستی گندم فراہم نہیں کریں گے۔ کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے اعلان کیا کہ گندم کا نرخ 4200 روپے فی من مقرر کیا گیا ہے، اور کسان اپنی مرضی سے ریٹ طے کریں گے۔
کھاد اور بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ
پریس کانفرنس میں چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ اگر حکومت کھاد اور بجلی سستی کرے گی تو ہی گندم کی قیمت کم کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق کسان کو صرف بہتر نرخ درکار ہے تاکہ ان کے اخراجات پورے ہو سکیں۔
احتجاج کی دھمکی
خالد حسین باٹھ نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے گندم کا مناسب ریٹ نہ دیا تو عید کے بعد احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو 50،50 لاکھ روپے کے بجلی کے بل بھیجے جا رہے ہیں، اور ان کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ
چیئرمین کسان اتحاد نے انکشاف کیا کہ آئندہ سال گندم کی کاشت میں 50 فیصد سے زیادہ کمی متوقع ہے، جب کہ پیداوار بھی 25 سے 30 فیصد تک کم ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کسانوں کے پاس احتجاج کے سوا کوئی آپشن نہیں بچا۔
چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ
انہوں نے چینی کی بڑھتی قیمتوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شوگر مافیا نے چینی برآمد کی جس کے بعد اب مارکیٹ میں چینی 170 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، اور امکان ہے کہ جلد ڈبل سنچری بھی مکمل ہو جائے گی۔
گندم کی درآمد اور کرپشن
خالد حسین باٹھ نے کہا کہ وزیر خزانہ کا دعویٰ ہے کہ صرف ایک ارب روپے کی گندم درآمد ہوگی، جبکہ کسان اتحاد کے اعداد و شمار کے مطابق یہ درآمد 10 سے 15 ارب روپے تک جا سکتی ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ گندم میں ہونے والی کرپشن پر کسی کو بھی ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔