خیبرپختونخوا حکومت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک جدید کینسر اسپتال کے قیام میں مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔ یہ اعلان خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈا پور نے اسلام آباد میں افغان سفیر سردار شکیب سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تعاون، صحت، اور زراعت کے شعبوں میں روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیبرپختونخوا ہاؤس سے جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے اسپتال کی تعمیر میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت پاکستان انسانی ہمدردی اور خطے میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کی پیشکش کی گئی ہے تاکہ خوراک کی سیکیورٹی جیسے اہم مسائل کو حل کیا جا سکے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے کابل میں جدید کینسر اسپتال بنانے کی پیشکش، یہ اقدام نہ صرف پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ ایک ایسے وقت میں جب افغانستان کو صحت کی سہولیات کی شدید ضرورت ہے، یہ پیشکش انسانی بنیادوں پر ایک تاریخی قدم تصور کی جا رہی ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کی یہ پیشکش علاقائی استحکام اور ترقی کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔
پاکستان ماضی میں بھی مختلف شعبوں میں افغانستان کی مدد کرتا رہا ہے، اور کینسر جیسے جان لیوا مرض کے علاج کے لیے سہولیات کی فراہمی کا یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسسٹنٹ کمشنر حمیر احمد کی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی