لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر گرفتار
ملزم عامر حسین کی گرفتاری
گزشتہ ماہ ہونے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق ملزم کی شناخت عامر حسین کے نام سے ہوئی، جسے ضلع کُرم سے گرفتار کیا گیا۔
کسٹمرز کو لوٹنے والا نیٹ ورک
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزم سادہ لوح شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے کا جھانسہ دیتا تھا۔ وہ ایف آئی اے کوہاٹ کو فروری 2025 کے کشتی حادثے میں مطلوب تھا۔ عامر حسین نے متاثرہ شہری نصرت حسین کو یورپ بھجوانے کے لیے 37 لاکھ روپے وصول کیے اور دیگر ساتھیوں کی مدد سے لیبیا کے راستے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی۔
ملزمان کا بین الاقوامی نیٹ ورک
ایف آئی اے کے مطابق گینگ کے دیگر ساتھی منیر حسین، احمد اسلم، شاہ فیصل اور واجد علی یو اے ای، لیبیا اور اٹلی سے نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ ملزم عامر حسین نے کشتی حادثے کے دیگر متاثرین سے بھی بھاری رقوم وصول کیں۔ اس کا بینک اکاؤنٹ پہلے ہی ضبط کیا جاچکا ہے، جبکہ گینگ کے دیگر ملزمان کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطے جاری ہیں۔
لیبیا کشتی حادثہ
یاد رہے کہ 5 فروری 2025 کو لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 16 پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یونان کشتی حادثہ میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت اور انسانی سمگلنگ کا مسئلہ