نئی سہولت کا آغاز
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک اور آسان سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ نادرا کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق اب “پاک آئی ڈی” موبائل ایپ میں نادرا سروس سینٹرز پر اپوائنٹمنٹ بک کرنے کا آپشن بھی شامل کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے شہری باآسانی اپنی شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے وقت مقرر کر سکیں گے۔
فیز ون میں 43 سینٹرز پر سہولت
ابتدائی طور پر یہ سہولت فیز ون کے تحت ملک بھر کے 43 نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر دستیاب ہوگی، جس سے لمبی قطاروں اور وقت کے ضیاع سے بچا جا سکے گا۔ شہری اس آپشن کے ذریعے اپنی سہولت کے مطابق اپوائنٹمنٹ بک کر کے وقت پر خدمات حاصل کر سکیں گے۔
ادائیگی کا آسان طریقہ
نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے نہ صرف اپوائنٹمنٹ لی جا سکے گی بلکہ پاکستان یا بیرون ملک مقیم شہری شناختی دستاویزات کے لیے فیس کی ادائیگی بھی ایپ سے براہِ راست اور آسانی سے کر سکیں گے۔ یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔