طبیعت ناسازی کے باعث نواز شریف کی وطن واپسی مؤخر
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی طبیعت ناساز ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث انہوں نے لندن میں اپنے قیام میں توسیع کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے اپنی واپسی کی ٹکٹ ری شیڈول کروا لی ہے اور وہ فی الحال میڈیکل معائنے کے سلسلے میں لندن میں ہی قیام کریں گے۔
بیلاروس کے دورے کے بعد لندن روانگی
نواز شریف حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ بیلاروس کے دورے پر گئے تھے، جہاں سے وہ براہ راست لندن پہنچے۔ ان کا یہ دورہ ابتدائی طور پر دو ہفتوں پر محیط تھا، تاہم طبیعت کی خرابی اور مسلسل طبی معائنے کی ضرورت کے باعث انہوں نے قیام میں اضافہ کر دیا ہے۔
لندن میں پارٹی سرگرمیاں بھی زیر غور
لندن میں موجود مسلم لیگ ن کی برطانوی قیادت کی خواہش ہے کہ نواز شریف کے اعزاز میں ایک ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے۔ اس ضمن میں مشاورت جاری ہے، تاہم نواز شریف کی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے حتمی فیصلہ ان کی طبیعت کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
طبی معائنوں کا سلسلہ جاری
ذرائع کے مطابق نواز شریف لندن میں اپنے ذاتی معالجین سے مسلسل طبی معائنہ کروارہے ہیں، جس کی روشنی میں ان کی واپسی کا حتمی شیڈول مرتب کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ نواز شریف اس سے قبل بھی طبی بنیادوں پر لندن میں قیام پذیر رہ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت ناساز، ڈاکٹرز نے مکمل آرام کا مشورہ دے دیا