کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کے انتخاب کے لیے ویٹی کن میں کانکلیو 7 مئی سے شروع ہو رہا ہے۔ اس انتخاب میں دنیا بھر کے اعلیٰ پادری یعنی کارڈینلز شرکت کریں گے، جن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے کارڈینل جوزف کوٹس بھی شامل ہیں۔ وہ ان دنوں روم میں موجود ہیں، جہاں ان کی میزبانی پاکستان میں طویل عرصہ خدمات انجام دینے والے فادر رابرٹ مککولک کر رہے ہیں۔
کانکلیو کا مطلب اور اس کا طریقہ کار
’کانکلیو‘ کا مطلب ہے “چابی کے ساتھ بند کرنا”، یعنی کارڈینلز کو ایک مخصوص بند اور محفوظ عمارت (سسٹین چیپل) میں محدود کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ نئے پوپ کا انتخاب کر سکیں۔ اس عمارت میں رہائش، کھانے کی سہولت موجود ہوتی ہے مگر باہر سے کوئی آ نہیں سکتا، اور نہ اندر کی معلومات باہر جا سکتی ہیں۔ الیکٹرانک آلات مکمل بند کر دیے جاتے ہیں تاکہ ہر بات صیغہ راز میں رہے۔
رسومات اور اصول
کانکلیو کی رسومات کا آغاز 7 مئی کی صبح 10 بجے سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں اجتماعی دعا سے ہوگا، جس میں عام لوگ بھی شریک ہوں گے۔ اس کے بعد کارڈینلز پالین چیپل سے سسٹین چیپل جائیں گے، جہاں وہ حلف لیں گے کہ انتخاب کا عمل خفیہ رکھیں گے اور تمام ضوابط کی پاسداری کریں گے۔ پھر غیر متعلقہ افراد کو چیپل سے نکال دیا جائے گا۔
ووٹنگ کا عمل اور دھواں کا اشارہ
کارڈینلز یہ طے کریں گے کہ کیا پہلی ہی شام ووٹنگ کی جائے یا نہیں، تاہم روایت یہی ہے کہ پہلے دن ہی پہلی ووٹنگ ہوتی ہے۔ اگر کسی امیدوار کو دو تہائی ووٹ نہیں ملتے تو بیلٹ پیپرز سیاہ دھواں پیدا کرنے والے کیمیکل کے ساتھ جلا دیے جاتے ہیں۔ اس دھوئیں کو ویٹی کن کی چمنی سے اٹھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ہر دن دو بار صبح اور دو بار شام کو ووٹنگ کی جا سکتی ہے۔ اگر تیسرے دن تک بھی فیصلہ نہ ہو تو کارڈینلز خصوصی دعا کے لیے وقفہ لیتے ہیں۔ جس امیدوار کو دو تہائی اکثریت (133 میں سے 89 ووٹ) مل جائیں، اس سے سینئر کارڈینل پوچھتا ہے کہ آیا وہ منصب قبول کرتا ہے۔
منتخب پوپ کا اعلان
اگر نیا پوپ اپنا انتخاب قبول کر لے تو سفید دھواں سسٹین چیپل کی چمنی سے خارج ہوتا ہے، جو اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ نیا پوپ منتخب ہو چکا ہے۔ پھر سینئر کارڈینل ڈیکن عوامی اعلان کرتے ہیں: “Habemus Papam” یعنی “ہمارے پاس پوپ ہے”۔
سید وکانت اور علامتی نشان
پوپ کے انتقال کے بعد سے انتخاب تک کا دورانیہ ’سید وکانت‘ کہلاتا ہے، یعنی “خالی کرسی”۔ اس دوران پوپ کی علامتی نشست خالی رہتی ہے اور دو چابیاں اور ایک چھتری اس دورانیے کی علامت سمجھی جاتی ہیں، جو مسیحی عقیدے کے مطابق حضرت عیسیٰؑ نے سینٹ پیٹر کو دی تھیں۔ نئے پوپ کے انتخاب کے بعد ان علامات کی جگہ پوپ کے نئے سائن لے لیتے ہیں۔
یاد رہے، کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس گزشتہ دنوں 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد نئے پوپ کے انتخاب کا مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی تدفین کر دی گئی