Monday, September 8, 2025
ہومPoliticsقومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب...

قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اختیار دیدیا

بھارتی جارحیت پر قومی سلامتی کمیٹی کا سخت ردعمل

قومی سلامتی کمیٹی (NSC) نے بھارت کے حالیہ بلااشتعال حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے پاک فوج کو مکمل اختیار دے دیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت، جگہ اور طریقے سے بھرپور جواب دے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یہ ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں اعلیٰ فوجی قیادت، وزرا اور سیکیورٹی اداروں کے سربراہان شریک تھے۔

شہری علاقوں پر بھارتی حملے، معصوم جانوں کا ضیاع

اجلاس میں اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی شب سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد سمیت مختلف علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے مربوط میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کیے۔ ان حملوں میں معصوم مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے جبکہ مساجد، گھروں اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔

بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی

قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا کہ بھارت کے ان حملوں کا کوئی جواز نہیں تھا اور یہ بین الاقوامی قوانین، کنونشنز اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ نیلم-جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا اور خلیجی ممالک کی کمرشل پروازوں کو خطرے میں ڈالنا واضح طور پر بین الاقوامی امن کے خلاف اقدام ہے۔

پاکستان کا دفاعی حق، فوج کو مکمل اختیارات

اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان کو مکمل دفاعی حق حاصل ہے، اور پاک فوج کو اپنے معصوم شہریوں کی شہادت کا بدلہ لینے، ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی کارروائی کی اجازت دے دی گئی ہے۔

عالمی برادری سے فوری ایکشن کا مطالبہ

اجلاس میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کی غیرقانونی جنگی کارروائیوں پر سنجیدہ نوٹس لے اور اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر جوابدہ ٹھہرائے۔ پاکستان نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ امن کا خواہاں ہے، مگر قومی وقار، خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی، میزائل حملے اور فضائی جھڑپیں جاری

Most Popular