بھارتی جارحیت پر وزیراعظم کا ردعمل
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے حالیہ بھارتی جارحیت میں خواتین اور بچوں سمیت 40 معصوم شہریوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے وطن کو نہ بھولے ہیں نہ کبھی بھولیں گے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہدائے وطن کا تحفظ اور کفالت کی یقین دہانی
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ شہداء کے لیے پہلے ہی شہداء پیکیج کا اعلان کیا جا چکا ہے اور ریاست کی جانب سے ان کے اہلِ خانہ کی مکمل کفالت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
افواجِ پاکستان کی کامیاب جوابی کارروائی
شہباز شریف نے کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص” بھارتی جارحیت کا بھرپور اور بروقت جواب تھا، جس نے بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی اور غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے وطن کے دفاع میں ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا لوہا منوایا ہے۔
خطے کی خودمختاری کا احترام ناگزیر
وزیراعظم نے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ممالک کی خودمختاری اور سالمیت کا احترام کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنی سالمیت کا دفاع کرنا جانتا ہے اور “آپریشن بنیان مرصوص” اس کی زندہ مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہماری افواج نے پیشہ ورانہ انداز سے بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، شہباز شریف