وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ رات بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا، اور اس کے جنگی جنون کا بھرپور اور مؤثر جواب دے کر پوری دنیا کو بتا دیا گیا کہ پاکستان ایک فولادی اور چٹان جیسی مضبوط فوج رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل رات کا حملہ پاکستان پر نہیں، بلکہ 24 کروڑ عوام کے وقار پر تھا، اور پاک افواج نے دشمن کے طیارے گرا کر اسے سبق سکھایا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا فوری جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
بھارتی تکبر کا جواب ہماری فضائیہ نے دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں بھارتی رافیل طیاروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اپنے طیاروں پر بڑا ناز تھا، لیکن ہماری ائیرفورس نے ان کی کمیونیکیشن لاک کرکے نہ صرف دشمن کے منصوبے ناکام بنائے بلکہ پانچ بھارتی جنگی طیارے بھی مار گرائے، جن میں رافیل، میگ 29 اور سکوئی شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر احتیاط نہ برتی جاتی تو دس طیارے بھی گرائے جا سکتے تھے۔ وزیراعظم نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی شجاعت اور تیاری نے بھارت کے غرور کو توڑ دیا۔
عوام، فوج اور قیادت ایک پیج پر
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج، عوام اور قیادت آج ایک صف میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، اور اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ چیمبر میں بیٹھ کر دنیا کو دکھائیں کہ پاکستان متحد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت پر جو جواب دیا گیا وہ ہماری قومی یکجہتی، فوجی تیاری اور سیاسی ہم آہنگی کی علامت ہے۔
بھارتی بزدلانہ حملے اور عالمی ردعمل
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے شہری آبادی، مساجد اور بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی بزدلی کا مظاہرہ کیا، لیکن پاکستان نے جوابی کارروائی میں صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی اندازہ ہو گیا ہے کہ پاکستان کسی مہم جوئی کو برداشت نہیں کرے گا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کی تعریف کی اور کہا کہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے جارحیت کا راستہ چنا۔
بھارت کو ہر محاذ پر شکست ہوگی
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کو جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی بھی مذمت نہ کرنے پر شرم آنی چاہیے، اور اب جبکہ ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، دنیا جان چکی ہے کہ بھارت خطے میں امن کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی عزائم کو خاک میں ملا کر پاکستان نے صرف جنگی نہیں، بلکہ اخلاقی میدان میں بھی فتح حاصل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:رافیل کے تکبر میں مبتلا بھارت کو مؤثر جواب دیا، ہم نے احتیاط برتی ورنہ 10 جہاز بھی گرا سکتے تھے

