پاکستان نے بھارت کی تجارتی اور سفارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بڑا قدم اٹھایا ہے۔
وزارت بحری امور نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اب کسی بھارتی پرچم بردار بحری جہاز کو پاکستان کی کسی بھی بندرگاہ پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حالیہ جارحانہ اقدامات کے جواب میں کیا گیا ہے۔
وزارت کا دوٹوک اعلان
وزارت بحری امور کے حکم نامے کے مطابق یہ پابندی فوری طور پر نافذالعمل ہے اور کوئی بھی بھارتی جہاز پاکستانی پانیوں میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ مزید یہ کہ کسی پاکستانی پرچم بردار جہاز کو بھی بھارتی بندرگاہوں کا رخ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
پس منظر میں بھارتی اقدامات
یاد رہے کہ بھارت نے حالیہ دنوں میں پاکستان کے خلاف کئی سخت فیصلے کیے تھے، جن میں براہ راست اور بالواسطہ تمام اشیاء کی درآمد پر پابندی، ڈاک اور پارسل کی ترسیل کی بندش، اور پاکستانی جھنڈے والے بحری جہازوں کی بھارتی بندرگاہوں میں لنگر اندازی پر پابندی شامل ہیں۔
پاکستانی اقدام کو قومی خودداری کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے اور اسے بھارت کی یکطرفہ کارروائیوں کا بھرپور جواب سمجھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کی ایک اور اوچھی حرکت، پاکستان سے تمام اشیا کی براہ راست یا بالواسطہ درآمد پر پابندی لگادی

