Monday, December 1, 2025
ہومPoliticsپاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 77 اسرائیلی ساختہ ڈرونز...

پاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 77 اسرائیلی ساختہ ڈرونز تباہ کر دیے

تازہ جھڑپوں میں پاکستانی ائیر ڈیفنس کی زبردست کامیابی

پاکستانی فضائی حدود میں بھارتی دراندازی کی کوشش ایک بار پھر بری طرح ناکام بنا دی گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب سے لے کر 8 مئی کی شام تک پاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 77 اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔ یہ ڈرونز مختلف اوقات میں پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے داخل ہوئے، تاہم پاک فضائیہ اور زمینی دفاعی نظام نے فوری ردعمل دے کر تمام ڈرونز کو مار گرایا۔

48 ڈرونز گزشتہ رات اور دن کے دوران تباہ کیے گئے

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ 8 مئی کی شام تک بھارتی دراندازی کے تحت آنے والے 29 ڈرونز کو تباہ کیا گیا، جب کہ گزشتہ رات اور آج دن تک مزید 48 ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا، جس سے تباہ شدہ ڈرونز کی کل تعداد 77 ہو گئی ہے۔ ان میں سے اکثر ڈرونز اسرائیلی ساختہ “ہارپ” اور “ہیرون” ماڈلز کے تھے، جنہیں بھارت دفاعی و جاسوسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مؤقف: ہر ڈرون مسلسل ریڈار پر تھا

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس صورت حال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر متحرک ہے اور دشمن کی ہر پرواز اور حرکت پر ریڈار کے ذریعے مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ائیر ڈیفنس سسٹمز میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ انتہائی چھوٹے اور نچلی پرواز والے ڈرونز کو بھی ریڈار پر لاک کر کے ہدف بنا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری آبادی اور کمرشل فلائٹس کی موجودگی میں بھی ڈرونز کو مار گرانے کا مکمل آپریشنل طریقہ کار نافذ ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

پاک بھارت کشیدگی میں نیا موڑ

اس تیزی سے بگڑتی صورت حال نے خطے میں کشیدگی کو نئی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ بھارت کی مسلسل ڈرون دراندازی اور پاکستان کی بروقت جوابی کارروائی عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ڈرونز نہ صرف انٹیلیجنس بلکہ حملہ آور مقاصد کے لیے بھیجے جا رہے تھے، جنہیں پاک فوج نے مکمل پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ناکام بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:سات مئی کو فضا میں دنیا کی سب سے بڑی ڈاگ فائٹ، شاہینوں نے بھارتی رافیل کا غرور خاک کردیا

Most Popular