امریکی اخبار کا اداریہ اور بحران پر تشویش
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنے حالیہ اداریے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان بات چیت کا فقدان انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اخبار نے واضح کیا کہ 1971 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت نے پنجاب میں حملے کیے، جو سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔
پاکستان کی جوابی کارروائی اور بھارتی طیاروں کا گرایا جانا
اداریے کے مطابق پاکستان نے بھارت کے کئی لڑاکا طیارے اسی کی حدود میں مار گرائے، جو اس بات کا واضح اظہار ہے کہ پاکستان اپنے دفاع میں بھارت کو سخت جواب دے سکتا ہے۔ اخبار نے اسے ایک “ڈیٹرینس” (روک تھام) کے طور پر پیش کیا جو بھارت کے جارحانہ عزائم کے خلاف پیغام بن سکتا ہے۔
امریکی کردار اور سفارتی کوششوں کی ضرورت
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ان کا زور اس بات پر ہے کہ بات چیت اور تحمل کا مظاہرہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اخبار نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اس عمل میں زیادہ متحرک کردار ادا کرے تاکہ بحران سے نکلنے کی راہ ہموار ہو۔
بحران کا ممکنہ حل اور تجاویز
اخبار نے لکھا کہ اس بحران سے نکلنے کا ایک قابل فہم راستہ یہ ہو سکتا ہے کہ دونوں فریق خود کو فتح یاب قرار دیں، کیونکہ بھارتی طیارے تباہ ہونے کی صورت میں بھارت نے اپنے حملوں کی قیمت چکا دی ہے۔ ساتھ ہی، چین جیسے دوست ممالک پاکستان کے لیے قابل قبول بیانیہ بنانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں، تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو۔
سفارتی چینلز کی بحالی اور خطے میں امن کی کوششیں
اداریے میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو نہ صرف فوجی بلکہ سفارتی بیک چینلز بھی فوری طور پر بحال کرنے چاہئیں تاکہ کسی بھی غلط فہمی یا مزید بگاڑ سے بچا جا سکے۔ اخبار نے یہ بھی تجویز دی کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی بحالی پر غور کرے جبکہ پاکستان بھی اس کے بدلے مثبت اقدامات کرے، تاکہ تعلقات کی بحالی کا راستہ نکل سکے۔
خطرناک صورتحال اور عالمی ذمہ داری
اداریے کے آخر میں واشنگٹن پوسٹ نے متنبہ کیا کہ اگر دو ایٹمی قوتیں آپس میں بات نہ کریں تو خطے میں کسی بڑے سانحے کا خطرہ ہمیشہ موجود رہے گا۔ عالمی برادری کو اس صورتحال میں ذمہ داری سے کردار ادا کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے گوجرانوالہ میں ڈرون مارا گرایا، گھوٹکی میں ڈرون گرنے کے واقعے میں ایک کسان جان بحق