چینی ٹیکنالوجی، جے 10 سی اور اینٹی ایئر کرافٹ سسٹمز نے بھارت کو حیران کردیا
معروف برطانوی دفاعی تجزیہ کار مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے استعمال کی جانے والی چینی ٹیکنالوجی، خصوصاً جے 10 سی طیارہ اور اینٹی ایئرکرافٹ ڈیفنس سسٹم، نے بھارت کو حیران کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی جے 10 سی نے بھارت کے جدید رفال طیارے کو گرایا ہے تو یہ پاکستان کی تکنیکی برتری کا ثبوت ہے، جو حیران کن ہے۔
پاکستانی میزائل حملوں نے بھارت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا: نک رابرٹسن
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے سینئر صحافی نک رابرٹسن نے کہا کہ پاکستان کے میزائل حملوں نے بھارت کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔ ان کے مطابق کئی دنوں کی عالمی سفارتی کوششوں کے باوجود بھارت سیزفائر پر آمادہ نہیں ہوا، لیکن جب پاکستان نے بھارتی فضائی اڈوں پر زبردست میزائل حملے کیے تو بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑا۔
پاکستان کی فضائی طاقت بھارت سے زیادہ ہے: بی بی سی جنوبی ایشیا
بی بی سی جنوبی ایشیا کے ریجنل ایڈیٹر اینبرسن اتھرجان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ماننا پڑے گا کہ پاکستان کی فضائی طاقت اس سے زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اگرچہ یہ دعویٰ کرسکتا ہے کہ اس نے نیوکلیئر اثاثوں کے باوجود پاکستان کے اندر کارروائی کی، مگر حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دے کر بھارت کے عزائم ناکام بنائے۔
آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص: پاکستان کا عسکری برتری کا مظاہرہ
بھارت کی جانب سے جارحیت کے جواب میں پاکستان نے “آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص” کے تحت 10 سے زائد اہم بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان اہداف میں آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ، برنالہ، اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، ہلواڑا اور دیگر اہم ایئر بیسز شامل ہیں۔ پاکستانی فتح 1 میزائل سسٹم کے ذریعے جے ایف 17 تھنڈر طیارے نے بھارتی ائیر ڈیفنس سسٹم S-400 کو تباہ کیا جس کی مالیت 1.5 ارب ڈالر تھی۔
سیزفائر کا اعلان، عالمی سفارتی دباؤ کا نتیجہ
پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد امریکا اور دیگر عالمی قوتوں کی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیزفائر ہوا جس کا باضابطہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کیا۔ یہ سیزفائر پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور مؤثر عسکری حکمت عملی کا بین ثبوت ہے۔