پاکستان ریلوے نے رواں مالی سال میں 75 ارب روپے کی تاریخی آمدن حاصل کرلی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 ارب روپے زیادہ ہے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق 20 اپریل 2023 تک ادارے نے 69 ارب روپے کمائے تھے جبکہ رواں سال اب تک 75 ارب روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل ہوئی ہے۔
مال گاڑیوں سے ریکارڈ آمدن
ریلوے حکام کے مطابق ادارے کو سب سے زیادہ آمدن مال گاڑیوں کے ذریعے حاصل ہوئی ہے، جس کا حجم 40 ارب روپے رہا۔ مال برداری کے شعبے میں بہتری نے پاکستان ریلوے کی مالی حالت مستحکم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
مسافر ٹرینوں اور دیگر ذرائع سے بھی آمدن
پاکستان ریلوے کو رواں سال اب تک مسافر ٹرینوں سے 26 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوئی جبکہ زمین کے کرایے اور دیگر ذرائع سے 9 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا، جو ریلوے کی آمدنی کا اہم جزو بن چکا ہے۔
ترقی کی سمت میں اہم قدم
سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ کا کہنا ہے کہ ریکارڈ آمدن ریلوے کی درست سمت میں پیش رفت کا مظہر ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے اور نظام کو جدید بنانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ادارے کی ترقی کا سفر تسلسل سے جاری رہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہور اور راولپنڈی کے درمیان پاکستان کی پہلی ‘بلٹ ٹرین’ چلانے کا فیصلہ