Monday, December 1, 2025
ہومPoliticsوزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں نمایاں اضافہ، بجٹ 72 کروڑ سے بڑھا...

وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں نمایاں اضافہ، بجٹ 72 کروڑ سے بڑھا کر 86 کروڑ روپے کر دیا گیا

سرکاری کفایت شعاری کے دعوؤں کے برعکس بجٹ میں بھاری اضافہ

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بجٹ 2025-26 میں وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی سرکاری رہائش، عملے، گاڑیوں، سیکیورٹی، تفریحی سرگرمیوں اور دیگر ضروریات کے لیے مختص بجٹ گزشتہ سال 72 کروڑ روپے تھا، جسے اب بڑھا کر تقریباً 86 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔

غریب عوام پر بوجھ، وزراء کے اخراجات میں اضافہ

بجٹ میں یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک کی نصف سے زائد آبادی مہنگائی اور بےروزگاری کے باعث غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ دوسری طرف، حکومت نے عام آدمی پر 2 ہزار ارب روپے کے نئے ٹیکسز عائد کر دیے ہیں۔ ان حالات میں وزیراعظم ہاؤس کے بجٹ میں 14 کروڑ روپے کا اضافہ سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

گاڑیاں، سیکیورٹی، بیرونی دورے: سب کچھ مہنگا ہوا

دستاویزات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کے لیے گاڑیوں کی خریداری، باغیچوں کی دیکھ بھال، غیر ملکی مہمانوں کے لیے عشائیے، خیراتی اخراجات، اور اعلیٰ سطحی سرکاری تقریبات کی مد میں اخراجات میں نمایاں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزراء، مشیران، اور معاونینِ خصوصی کے دفاتر کے لیے بھی اضافی فنڈز رکھے گئے ہیں۔

سوالات اور عوامی تنقید

سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں حکومت کے اس فیصلے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت ایک طرف تو کفایت شعاری کے نعرے لگاتی ہے، لیکن خود سادگی اختیار کرنے سے گریزاں ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے بھی اس اقدام کو عوام کے ساتھ مذاق قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا آن لائن کاروبار کرنے والوں پر بھی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

Most Popular