وزیراعظم کے دورے کی تفصیلات
وزیراعظم شہباز شریف 25 سے 30 مئی تک چار اہم ممالک ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کے لیے کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم اپنے اس دورے کے دوران ان ممالک کی قیادت سے عالمی اور دوطرفہ معاملات پر گفتگو کریں گے۔
بھارت سے حالیہ کشیدگی پر اظہار تشکر
وزیراعظم اس دورے میں ان اسلامی برادر ممالک کا شکریہ ادا کریں گے جنہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کا ساتھ دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خاص طور پر ترکیہ اور آذربائیجان کی حمایت قابل ستائش رہی، جنہوں نے کھل کر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی۔
ترکیہ اور آذربائیجان کی حمایت
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترکیہ ہمیشہ پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑا رہے گا، خواہ حالات جیسے بھی ہوں۔ آذربائیجان نے بھی پاکستان کی بھرپور سفارتی حمایت کی تھی۔
بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت
وزیراعظم 29 اور 30 مئی کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے، جہاں وہ علاقائی امن، ترقی، اور تعاون کے موضوعات پر خطاب کریں گے۔