صدر آصف علی زرداری مکمل صحتیاب، اسپتال سے ڈسچارج کر دیے گئے
10 دن کے علاج کے بعد کورونا ٹیسٹ منفی، فزیو تھراپی جاری رکھنے کی ہدایت
صدر مملکت آصف علی زرداری روبصحت ہو گئے ہیں، جس کے بعد انہیں کراچی کے نجی اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ صدر مملکت گزشتہ 10 دن سے زائد عرصے سے طبیعت کی ناسازی کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے۔
صدر کے معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے میڈیا کو بتایا کہ آصف زرداری کا کورونا ریپڈ ٹیسٹ منفی آیا ہے، جس کے بعد انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے صدر کو آئندہ چند دنوں تک فزیو تھراپی جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ مکمل صحتیابی ممکن ہو سکے۔
عید الفطر کی رات کراچی منتقلی
یاد رہے کہ صدر مملکت کو یکم اپریل کو طبیعت خرابی کے باعث اسپتال داخل کیا گیا تھا۔ عید الفطر کی رات انہیں نوابشاہ سے کراچی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ اس دوران ان کی صحت سے متعلق مختلف چہ مگوئیاں جاری رہیں تاہم اب وہ مکمل روبصحت ہیں۔
صدارتی امور کی بحالی متوقع
صدر آصف زرداری کی صحت میں بہتری کے بعد اب توقع کی جا رہی ہے کہ وہ جلد صدارتی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالیں گے۔ ایوانِ صدر کی جانب سے بھی ان کی مکمل صحتیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:صدرآصف زرداری کورونا وائرس سے متاثر، آئسولیشن میں منتقل