Monday, June 16, 2025
ہومPoliticsجائیداد کی کم قیمت لگا کر ٹیکس سے بچنے والوں کیلئے نئی...

جائیداد کی کم قیمت لگا کر ٹیکس سے بچنے والوں کیلئے نئی قانونی کارروائی

حکومت کی جانب سے ٹیکس چوری کی کوششوں کے خلاف بڑی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب جائیدادوں کی کم قیمت لگا کر ٹیکس سے بچنے کی راہ بند کر دی جائے گی۔ اس مقصد کے تحت 126 سال بعد اسٹامپ ڈیوٹی کے قانون میں ترمیم لائی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں نیا بل پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسٹامپ ڈیوٹی ایکٹ 1899 میں ترمیم کر کے اسے “دی اسٹامپ ڈیوٹی ترمیمی ایکٹ 2025” کا نام دیا گیا ہے۔ اس مجوزہ قانون کے تحت کمشنر کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی جائیداد کی قیمت کا ازسرِنو تعین کر سکے۔

بل کے مطابق اگر کوئی شخص جائیداد کی قیمت سے غیر مطمئن ہو، تو وہ کمشنر کے پاس اپیل دائر کر سکتا ہے، اور کمشنر کو پندرہ دن کے اندر فیصلہ سنانا ہوگا۔

مزید یہ کہ اسٹامپ ڈیوٹی کی کمی یا اضافی جرمانے کے نفاذ کا دائرہ کار بھی بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بورڈ آف ریونیو کو فیصلہ سازی کے اختیارات سونپنے کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے۔

اگر کسی فرد کے جیل میں ہونے، ہسپتال میں داخل ہونے یا بیرون ملک موجود ہونے کے باعث اسٹامپ ڈیوٹی استعمال نہ ہو سکے، تو اسے دو سال تک رقم واپس لینے کا حق حاصل ہو گا۔ چیف ریونیو اتھارٹی دو سال کے اندر غیر استعمال شدہ اسٹامپ ڈیوٹی واپس کرنے کی پابند ہو گی۔

حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ آڈٹ رپورٹس میں سامنے آنے والے انکشافات کی روشنی میں کیا گیا ہے، جن سے پتا چلا کہ ماضی میں بڑی تعداد میں لوگ جائیداد کی قیمت کم ظاہر کر کے ٹیکس سے بچتے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے اس عمل کے خلاف اپیل کا کوئی طریقہ موجود نہ تھا، تاہم اب حکومت اور شہری دونوں کو اپیل کا حق حاصل ہو گا۔

یہ بل پنجاب اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے، جو آئندہ دو ماہ میں اپنی رپورٹ اسمبلی میں پیش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی احمدی شہری مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل

Most Popular