اداکارہ سارہ خان نے حالیہ وائرل بیان “میں فیمینسٹ نہیں ہوں” پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر واضح کیا کہ وہ خواتین کی عزت، برابری اور مواقع کی مکمل حامی ہیں، لیکن موجودہ دور کے فیمینزم کے نظریے سے اتفاق نہیں کرتیں۔
سارہ خان کی میں فیمینسٹ نہیں ہوں پر وضاحت
:سارہ خان نے اپنے بیان میں لکھا
“میں مکمل یقین رکھتی ہوں کہ عورتوں کو برابر کا احترام، حقوق اور مواقع ملنے چاہئیں… لیکن میں یہ بھی مانتی ہوں کہ عورت کی طاقت مردوں کی نقل کرنے میں نہیں، بلکہ اپنی فطری نسوانیت کو اپنانے میں ہے… فیمینزم کا مطلب نسوانیت چھوڑ دینا نہیں ہونا چاہیے۔”
انہوں نے بطور مثال حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کا ذکر کیا، جو ایک کامیاب، باوقار اور باایمان تاجرہ تھیں۔ سارہ خان نے انہیں “اصل فیمینسٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجہؓ نے خاندان، کاروبار اور ایمان کو ساتھ لے کر چل کر خواتین کے لیے ایک باعزت راستہ قائم کیا۔
سارہ خان کے سابقہ انٹرویوز، خاص طور پر انڈیپنڈنٹ اردو میں دیے گئے انٹرویو میں، انہوں نے گھریلو روایتی کردار کو ترجیح دینے کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ بلوں کی قطار میں کھڑا ہونا انہیں عجیب لگتا ہے، اور اگر مردوں کو ان کا اصل مقام دیا جائے تو خواتین کو سکون ملتا ہے۔ ان بیانات نے سوشل میڈیا پر خاصی بحث چھیڑ دی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس بیان کو فیمینزم کے خلاف سمجھا، جبکہ کچھ لوگوں نے ان کی رائے کو ذاتی تجربے اور پس منظر سے جُڑا ہوا قرار دیا۔
سارہ خان کی وضاحت کے بعد خواتین کے حقوق کی تحریک سے جُڑی کئی معروف شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ریحام خان اور نادیہ جمیل سمیت کئی خواتین نے سارہ کو یاد دلایا کہ آج جو آزادی، سکرین پر نمائندگی اور بااختیار زندگی وہ انجوائے کر رہی ہیں، وہ سب فیمینسٹ جدوجہد ہی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فیمینزم کا مطلب صرف احتجاج یا مردوں کی مخالفت نہیں، بلکہ عورت کے برابر حقوق، عزت اور آزادی کے لیے کوشش ہے۔
سارہ خان کا بیان ایک بار پھر اس سوال کو زندہ کر گیا ہے کہ کیا روایتی عورت بھی فیمینسٹ ہو سکتی ہے؟ کیا عورت اپنی نسوانیت، مذہب اور روایت کے ساتھ جُڑی رہ کر بھی برابری کی جدوجہد میں شامل ہو سکتی ہے؟ ان سوالات پر پاکستان میں خواتین کی تحریک پہلے ہی تقسیم کا شکار ہے، اور اب سارہ جیسے بااثر افراد کی رائے اس
مکالمے کو مزید وسعت دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سلیم نے شادی کیلئے کئی سال تک منایا: ماہرہ کا انکشاف