زندہ انسانوں کو جلانا معمولی نہیں، اسرائیل صرف غزہ تباہ نہیں کررہا بلکہ انسانیت چھین رہا ہے: سوارا بھاسکر
سوارا بھاسکر کی غزہ پر حملوں کے خلاف جذباتی پوسٹ، اسرائیلی مظالم پر شدید ردعمل
بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں، بالخصوص النصر اسپتال پر حالیہ بمباری اور اس دوران صحافیوں سمیت افراد کے زندہ جلائے جانے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی ہے۔ اداکارہ نے اپنی بیٹی کے ہمراہ انسٹاگرام پر ایک تصویر کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کیا اور اسرائیلی مظالم کو انسانیت کے خلاف بدترین جرائم قرار دیا۔
“ہم سب ایک نسل کشی دیکھ رہے ہیں”: سوارا بھاسکر
سوارا بھاسکر نے اپنی پوسٹ میں لکھا
“میں بہت کوشش کرتی ہوں کہ روزمرہ کی خوشیوں میں مصروف رہوں، کپڑے پہنوں، ریلز بناؤں، بیٹی کی تصویریں پوسٹ کروں، لیکن کچھ بھی مجھے غزہ کے بارے میں سوچنے سے نہیں روک سکتا۔”
انہوں نے لکھا کہ وہ ہر روز ایسے فلسطینی والدین کو دیکھتی ہیں جو اپنے مردہ بچوں کو گود میں لیے رو رہے ہوتے ہیں، جن کے جسم اسرائیلی بمباری سے چیتھڑوں میں تبدیل ہو چکے ہوتے ہیں۔
“ہم ایک نسل کشی دیکھ رہے ہیں، ایک بدترین جنگی جرم کو، جسے ہمارے فونز پر لائیو دکھایا جا رہا ہے اور ہم کچھ نہیں کر پا رہے۔ اسرائیل صرف غزہ کو تباہ نہیں کر رہا بلکہ ہماری انسانیت چھین رہا ہے۔”
“یہ معمولی نہیں، یہ سب معمولی نہیں”: ظلم کے خلاف آواز بلند کریں
اداکارہ نے شدید غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا“یہ معمولی نہیں ہے کہ انسانوں کو زندہ جلا دیا جائے، بچوں کو قتل کیا جائے، اسپتالوں اور اسکولوں پر بمباری کی جائے۔ یہ وہ جنگیں ہیں جو مغربی دنیا نے پیدا کی ہیں، یہ وہ ہتھیار ہیں جو انہوں نے بنائے، یہ سب معمولی نہیں ہے۔”
سوارا بھاسکر نے لوگوں کو ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا:
“اس نسل کشی پر خاموش مت رہیں، اپنی آنکھیں بند نہ کریں۔ دنیا کے سب سے بھیانک جنگی جرائم کے خلاف آواز بلند کریں۔”
اداکارہ کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے اور ہزاروں افراد اس کے نیچے غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تبصرے کر رہے ہیں۔