کینیڈا کو امریکا میں ضم ہونے پر گولڈن ڈوم مفت دینے کا عندیہ
امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو ایک غیر معمولی پیشکش کی ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر کینیڈا امریکا کا حصہ بن جائے تو اسے جدید ترین میزائل دفاعی نظام “گولڈن ڈوم” بالکل مفت فراہم کیا جائے گا۔ یہ بیان انہوں نے منگل کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر دیا۔
آزاد ریاست رہنے کی صورت میں 61 ارب ڈالر کی قیمت
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر کینیڈا خودمختار ریاست کے طور پر برقرار رہا تو اسے گولڈن ڈوم سسٹم کا حصہ بننے کے لیے 61 ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے اعلان کیا کہ وہ 175 ارب ڈالر کے دفاعی منصوبے میں سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کینیڈا امریکا میں ضم ہونے پر ہرگز آمادہ نہیں۔
گولڈن ڈوم دفاعی نظام کی تفصیل
ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں “گولڈن ڈوم” نامی ایک جدید میزائل دفاعی نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد بیرونی حملوں سے امریکا کا تحفظ ہے۔ اس نظام پر 175 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی اور یہ 2028 تک فعال ہو جائے گا۔
یہ سسٹم زمین کے گرد مدار میں سیٹیلائٹ ٹریکنگ، اسپیس انٹرسیپٹرز اور خلا سے داغے گئے میزائلوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق کینیڈا بھی اس نظام کا حصہ بننا چاہتا ہے، اور امریکا اس حوالے سے اس کی حمایت کرے گا۔