اسلام آباد میں جمعہ کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ایک اہم سوال پر محتاط ردعمل دیا۔ صحافی نے ان سے استفسار کیا کہ آیا گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق کوئی بات ہوئی تھی یا نہیں۔
محسن نقوی کا محتاط جواب
اس سوال پر محسن نقوی نے صاف طور پر جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ دورۂ امریکہ سے متعلق وہ حلف کے پابند ہیں۔ ان کے اس بیان نے قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دی ہے کہ ملاقات میں شاید حساس نوعیت کے موضوعات زیر بحث آئے ہوں۔
صدر زرداری سے متعلق افواہوں پر تبصرہ
وزیر داخلہ نے مزید گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کے عہدے سے متعلق پھیلائی گئی افواہوں پر بھی ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی خبروں پر کسی نہ کسی کو تو وضاحت دینی ہوتی ہے، صحافی اگر دو لفظوں میں معافی مانگ لیتے تو معاملہ رفع دفع ہوجاتا، مگر بعض اوقات غلط خبروں سے ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی آصف زرداری کو صحت و زندگی دے تاکہ وہ اپنی مدت صدارت مکمل کریں۔
ایران اسرائیل جنگ بندی میں کردار
محسن نقوی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایران اسرائیل کشیدگی میں جنگ بندی لانے کے لیے پاکستان کی قیادت، خاص طور پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق یہ سفارتی سطح پر ایک بڑی کامیابی ہے جس کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ…
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی تھی جس میں تجارت، توانائی، اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر اہم گفتگو ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں عمران خان کے تذکرے کی بازگشت میڈیا میں سنائی دی، جس پر محسن نقوی کا حالیہ تبصرہ آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی میں سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات شدت اختیار کرگئے