پاکستانی قوم کی ذہانت کا اعتراف
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں پاکستانیوں کی ذہانت اور صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حیرت انگیز اشیاء بنانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی لوگ ذہین ہیں اور حیرت انگیز اشیاء تیار کرتے ہیں۔
تجارتی تعلقات پر حیرت اور عزم
صدر ٹرمپ نے اظہارِ افسوس کیا کہ امریکا اور پاکستان کے تعلقات اچھے ہونے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تجارت پر مؤثر بات چیت ہوئی ہے اور امریکا پاکستان کو نظرانداز نہیں کرسکتا کیونکہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔
تجارت کے ذریعے تعلقات میں بہتری
ٹرمپ نے بتایا کہ پاکستان امریکا سے تجارتی تعلقات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور انہوں نے اس حوالے سے بات چیت بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے تجویز دی کہ ہمیں تجارت کو تعلقات کی بہتری کے لیے استعمال کرنا چاہیے اور پاک بھارت معاملات میں بھی امن کے لیے تجارت کو بطور ذریعہ اپنایا گیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی اور جنگ بندی کی کامیابی
ٹرمپ نے انٹرویو میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت جیسی جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی اور کسی بھی وقت نیوکلیئر جنگ چھڑ سکتی تھی، تاہم جنگ بندی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے امریکی ذمہ داران کو ہدایت دی کہ فوری دونوں ملکوں سے رابطہ کریں اور مذاکرات کا آغاز کریں تاکہ صورتحال بہتر ہو۔
بھارت پر تنقید
امریکی صدر نے بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف لگانے والا ملک ہے، اس نے بیرونی ممالک کے لیے کاروبار کرنا تقریباً ناممکن بنا دیا ہے۔ تاہم اب بھارت امریکا کے ساتھ ٹیرف کم کرنے پر رضامند ہو چکا ہے، جو خوش آئند پیشرفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی اپیل کے باوجود سعودی عرب نے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا