گرمیوں کے موسم میں جسم کو ٹھنڈک پہنچانے اور توانائی بحال رکھنے کے لیے تخم ملنگا ایک بہترین قدرتی انتخاب ہے۔ ان چھوٹے چھوٹے بیجوں میں بڑی غذائیت چھپی ہوئی ہے، جو خاص طور پر رمضان المبارک اور سخت گرمیوں میں جسمانی طاقت کا خزانہ سمجھے جاتے ہیں۔ انہیں پانی میں بھگو کر استعمال کیا جاتا ہے اور یہ کئی مشروبات میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔
تخم ملنگا کے فوائد
تخم ملنگا گرمی کی شدت کو کم کرنے، جسمانی تھکن دور کرنے اور پانی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ نہ صرف جسم کو ٹھنڈک بخشتا ہے بلکہ اس میں موجود فائبر معدہ کی صحت کے لیے بھی مفید ہوتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق تخم ملنگا دل کی صحت، وزن میں کمی، اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ہے۔
یہ بیج آئرن، کیلشیم اور میگنیشیم جیسے غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسمانی کمزوری کو ختم کرتے ہیں۔ تخم ملنگا روح افزا، لیموں پانی، دودھ شیک، فالودہ اور دیگر افطاری مشروبات میں استعمال کیا جا سکتا ہے، اور اسے گرمی کا قدرتی کولر بھی کہا جاتا ہے۔
روزمرہ استعمال میں کیسے شامل کریں؟
تخم ملنگا کو استعمال کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ اسے تقریباً 10 منٹ کے لیے پانی میں بھگو لیں تاکہ یہ پھول جائے، پھر اسے شربت یا مشروب میں شامل کریں۔ اسے لسی، چاس، دودھ یا ٹھنڈے شربت میں ملا کر استعمال کرنا افطاری میں بے حد فائدہ مند ہے۔