عید سے قبل قائد آباد میں درزی کی دکان پر انوکھی ڈکیتی
80 افراد کی عید کی خوشیاں ماند پڑ گئیں
عید الفطر سے چند روز قبل کراچی کے علاقے قائد آباد میں ایک حیران کن ڈکیتی کی واردات پیش آئی جس میں مسلح ڈاکو دکان میں موجود نقدی یا قیمتی سامان کے بجائے سلے ہوئے 80 جوڑے لے کر فرار ہو گئے۔ اس واردات نے نہ صرف درزی بلکہ ان تمام افراد کی خوشیاں بھی ماند کر دیں، جن کے کپڑے چوری ہوئے۔
درزی کی 5 لاکھ روپے کی محنت لوٹ لی گئی
بہادر علی نامی درزی، جن کی دکان قائد آباد میں واقع ہے، نے بتایا کہ رمضان میں ان کا کام دگنا ہو جاتا ہے اور وہ 24 گھنٹے کام کر رہے ہوتے ہیں۔ 19 مارچ کی صبح ساڑھے 4 بجے دو مسلح افراد دکان میں داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر تمام سلے ہوئے سوٹ لوٹ کر فرار ہو گئے۔ حیران کن طور پر وہ کوئی نقدی یا موبائل فون نہیں لے کر گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک طے شدہ منصوبہ تھا۔
متاثرہ افراد کی پریشانی میں اضافہ
بہادر علی کے مطابق اس واردات کے بعد وہ خود بھی شدید پریشان ہیں، کیونکہ کپڑے سلوانے والے افراد مسلسل ان سے جواب طلب کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کی اطلاع شاہ لطیف تھانے میں دے دی ہے، تاہم تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ان کے مطابق اس ڈکیتی میں انہیں تقریباً 5 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے، اور عید کے قریب آتے ہی ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
پولیس کی خاموشی، شہریوں میں تشویش
علاقہ مکینوں اور متاثرہ افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری طور پر اس معاملے پر کارروائی کرے اور ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے نقصان پورا کرایا جائے۔ بصورتِ دیگر درزی سمیت 80 افراد کی عید کی خوشیاں ماند پڑ جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ: اہم پیش رفت