سڑکوں کی صفائی کرنے والی تھائی خاتون راتوں رات مشہور ہو کر ماڈل بن گئیں
خوبصورتی نے قسمت بدل دی
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں سڑکوں کی صفائی کرنے والی 28 سالہ نوپاجیت سومبونسیٹ المعروف ’مین‘ کی زندگی اس وقت بدل گئی جب ایک روسی فوٹوگرافر سیمیون ریزچیکوف نے ان کی قدرتی خوبصورتی اور سادگی کو دیکھ کر ویڈیو بنا لی۔ مین اس وقت ایک گلی میں معمول کے مطابق صفائی کر رہی تھیں۔
فوٹوگرافر کی ویڈیو نے راتوں رات شہرت دلا دی
سیمیون نے مین کو بغیر بتائے ان کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں، بعد ازاں نہ صرف انہیں دکھایا بلکہ خوبصورتی کی تعریف بھی کی۔ اس نے وہ ویڈیو اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پوسٹ کر دی، جہاں سے وہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر تعریفوں کے ڈھیر
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مین کی قدرتی خوبصورتی پر سوشل میڈیا صارفین نے حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔ انٹرنیٹ پر مقبولیت کے بعد مین سے مختلف میڈیا اداروں اور ماڈلنگ ایجنسیز نے بھی رابطہ کیا تاکہ وہ ان کے ساتھ ماڈلنگ میں کام کریں۔
میک اوور نے نئی پہچان دی
ایک معروف تھائی میک اپ آرٹسٹ نے مین کو مفت میک اوور سیشن کی پیشکش کی، جس میں انہیں تھائی ہارر فلم “آرٹ آف دی ڈیول 2” کے کردار “پانور” کا روپ دیا گیا۔ مین کا یہ نیا روپ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس نے ان کی شہرت میں مزید اضافہ کیا۔
ماڈلنگ کیرئیر کا آغاز
مین نے نونگ چیٹ کے مشہور کاسمیٹکس برانڈ “Browit” کے ساتھ ماڈلنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ اب انہیں مزید برانڈز اور مارکیٹنگ ایجنسیز کی جانب سے ماڈلنگ کی آفرز مل رہی ہیں۔ ماڈلنگ پر مکمل توجہ دینے کے لیے مین نے سڑکوں کی صفائی کا کام چھوڑ دیا ہے۔
زندگی کی حیران کن تبدیلی
میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مین نے کہا کہ وہ ایک سال سے صفائی کا کام کر رہی تھیں اور اپنی سادہ ملازمت سے مطمئن تھیں، لیکن یہ غیر متوقع تبدیلی ان کے لیے حیران کن اور خوش آئند ہے۔ وہ اپنی نئی زندگی سے خوش ہیں اور اپنے ماڈلنگ کیریئر کو کامیابی سے آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:متحدہ عرب امارات میں بھکاری مافیا بے نقاب فی گھنٹہ 28ہزار روپے کمانے والے گرفتار