مکہ مکرمہ: حج کے مبارک موقع پر ایک خوش نصیب واقعہ اس وقت پیش آیا جب مصری خاتون کو بروقت طبی امداد کی بدولت اپنی بینائی دوبارہ حاصل ہوگئی۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون کو مکہ مکرمہ میں اچانک موتیا بند اور ریٹینا کے الگ ہونے جیسے خطرناک مرض کا سامنا کرنا پڑا۔
فوری طبی تشخیص اور علاج
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق خاتون کی بینائی کا فوری معائنہ کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے آئی ہیلتھ سینٹر میں کیا گیا، جہاں ماہرین نے فوری طور پر آپریشن کا فیصلہ کیا۔ ماہرین کے مطابق ریٹینا کی پیچیدگی ایسی بیماری ہے جس میں تاخیر کی صورت میں مریض مستقل طور پر بینائی سے محروم ہو سکتا ہے۔
کامیاب سرجری اور صحتیابی
سرجری مکمل ہونے کے بعد خاتون کی حالت میں بہتری آئی اور ان کی بینائی بحال ہو گئی۔ صحت یابی کے بعد مریضہ کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
مناسکِ حج کی ادائیگی کیلئے روانگی
بینائی بحال ہونے پر مصری خاتون نے خوشی کا اظہار کیا اور دوبارہ مناسکِ حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو گئیں، جسے ایک معجزاتی اور پرمسرت لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

