ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی آفات فنڈنگ منظور کر لی

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی ہنگامی آفات فنڈنگ منظور کر لی ہے، تاکہ ملک سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات کا بہتر مقابلہ کر سکے۔
بینک کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق یہ رقم کنٹنجنٹ ڈیزاسٹر فنانسنگ کی سہولتوں کے تحت منظور کی گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آفات کے بعد حکومت کو فوری بجٹ معاونت ملے گی، تاکہ امدادی کاموں میں تاخیر نہ ہو اور آفات کے معاشی اور مالی نقصانات کم کیے جا سکیں۔
تیاری اور خطرات سے نمٹنے کی اصلاحات
یہ فنڈنگ بینک کے کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس انہانسمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے، جس کے تحت آفات سے نمٹنے کی تیاری اور رسک مینجمنٹ کو مضبوط بنانے کی اصلاحات کی جائیں گی، اور موسمیاتی لچک کو ملک کی ترقیاتی منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری میں شامل کیا جائے گا۔
پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ آفات آنے پر سب سے زیادہ نقصان کمزور برادریوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔ ان کے بقول اس پروگرام سے آفات کے بعد مالی وسائل کی دستیابی بہتر ہوگی۔
پاکستان کو آفات سے بھاری نقصان
پاکستان قدرتی آفات سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ بینک کے اندازوں کے مطابق سیلاب، زلزلے اور دیگر آفات سے ملک کو اوسطاً سالانہ دو ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب میں 14.9 ارب ڈالر کا براہ راست نقصان ہوا تھا، جبکہ معاشی نقصانات 15.2 ارب ڈالر تک پہنچے تھے۔
اے ڈی بی کی ایشیا پیسیفک کلائمیٹ رپورٹ 2026 کے مطابق 2100 تک پاکستان میں سالانہ ساحلی سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً 14 لاکھ 80 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ اس سے قبل 2024 میں بھی بینک نے موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے کے لیے 50 کروڑ ڈالر کا قرض منظور کیا تھا۔



