اینتھروپک کا 1.4 ٹریلین ڈالر کی قدر کے ساتھ آئی پی او، کلاؤڈ بنانے والی کمپنی نیسڈیک میں درج ہو گی

نیسڈیک مارکیٹ سائٹ، ٹائمز اسکوائر، نیویارک (فائل فوٹو)
سان فرانسسکو: مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اینتھروپک نے اپنے تاریخی آئی پی او کی قیمت کا اعلان کر دیا ہے۔ کلاؤڈ چیٹ بوٹ بنانے والی کمپنی نے منگل کو امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویز میں بتایا کہ وہ 82 کروڑ 50 لاکھ شیئرز 70 سے 78 ڈالر فی شیئر کے حساب سے فروخت کرے گی۔ اگر شیئرز قیمت کی بالائی حد پر فروخت ہوئے تو کمپنی کی مکمل قدر 1.4 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گی، جو اے آئی کی دنیا کی اب تک کی سب سے بڑی لسٹنگ میں سے ایک ہو گی۔
64 ارب ڈالر کی فروخت، 19 نومبر سے ٹریڈنگ
اس فروخت سے کمپنی کو 57.75 ارب سے 64.35 ارب ڈالر تک ملنے کی توقع ہے۔ ان شیئرز میں 80 کروڑ 14 لاکھ نئے شیئرز ہیں جبکہ 2 کروڑ 36 لاکھ شیئرز موجودہ سرمایہ کار فروخت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی نے گوگل، اینویڈیا، اے ایم ڈی، براڈکام، مائیکرون، مائیکروسافٹ اور ٹی ایس ایم سی کو 26 ارب ڈالر کے الگ نجی حصص فروخت کرنے کا معاہدہ بھی کیا ہے؛ گوگل اور اینویڈیا 10، 10 ارب ڈالر لگا رہے ہیں۔ شیئرز کی حتمی قیمت 18 نومبر کو طے ہو گی اور 19 نومبر سے نیسڈیک پر "اے این ٹی” کے ٹکر کے تحت ٹریڈنگ شروع ہونے کی توقع ہے۔ پیشکش کا 20 فیصد تک حصہ عام سرمایہ کاروں کے لیے رکھا گیا ہے۔
آمدنی میں تیزی، اخراجات بھی بھاری
دستاویز کے مطابق اکتوبر کے اختتام تک کمپنی کی سالانہ آمدنی کی رفتار 81 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جو ستمبر کے مقابلے میں 10 ارب ڈالر زیادہ ہے۔ تیسری سہ ماہی میں آمدنی 17 ارب ڈالر اور نو ماہ میں 33.2 ارب ڈالر رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ صرف 2.5 ارب ڈالر تھی۔ تاہم نو ماہ کا خالص نقصان 104 ارب ڈالر رہا اور کمپیوٹنگ و انفراسٹرکچر کے وعدے 900.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ کمپنی کے پاس تقریباً 132 ارب ڈالر نقد اور قلیل مدتی سرمایہ کاری موجود ہے۔ مئی میں کمپنی کی قدر 965 ارب ڈالر تھی، جبکہ چند ماہ قبل 2 ٹریلین ڈالر کا ہدف بھی زیر غور تھا۔ بانیوں کے پاس خصوصی حصص کے ذریعے 50.1 فیصد ووٹنگ اختیار رہے گا۔ حریف اوپن اے آئی کی قدر گزشتہ ہفتے 1.25 ٹریلین ڈالر لگائی گئی تھی۔



