عمران خان کو رات گئے پمز لے جایا گیا، آنکھ میں چھٹا انجکشن لگایا گیا

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)، اسلام آباد (فائل فوٹو)
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد لے جایا گیا، جہاں ان کی دائیں آنکھ میں چھٹا اینٹی وی ای جی ایف انجکشن لگایا گیا۔ پمز انتظامیہ نے بدھ کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کے تمام اہم طبی اشارے معمول کے مطابق تھے اور ان کی مجموعی حالت مستحکم ہے۔
آدھی رات کا دورہ، ڈھائی بجے واپسی
پمز کے بیان کے مطابق عمران خان کو ان کے معالج چشم کے مشورے پر رات گئے اسپتال لایا گیا تھا۔ آنکھوں کے ماہر کی سفارش پر شعبہ امراض چشم کی ٹیم نے تحریری رضامندی کے بعد انجکشن لگایا، جس کے دوران معمول کی نگرانی اور طبی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ عمران خان تقریباً چالیس سے پچاس منٹ اسپتال میں رہے اور رات تقریباً ڈھائی بجے انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق منتقلی سخت سیکیورٹی میں ہوئی۔
دائیں آنکھ کی شریان کا مسئلہ، جنوری سے علاج جاری
عمران خان کی دائیں آنکھ میں خون کی شریان بند ہونے کی بیماری، سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن، کی تشخیص اس وقت ہوئی تھی جب انہوں نے بینائی کم ہونے کی شکایت کی تھی۔ اس کا پہلا انجکشن 24 جنوری کو لگایا گیا تھا؛ مارچ میں تیسری، 28 اپریل کو چوتھی اور 15 جون کو پانچویں خوراک دی گئی۔ فروری میں عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ان کی دائیں آنکھ صرف پندرہ فیصد کام کر رہی ہے، تاہم بعد میں میڈیکل بورڈ نے بتایا کہ ان کی بینائی 6/36 سے بہتر ہو کر 6/9 ہو گئی ہے۔
شفا اسپتال منتقلی کا مطالبہ برقرار
یہ دورہ اس کے ایک روز بعد ہوا ہے جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ان کے وکلا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی ملاقات کی اجازت دی تھی۔ عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے ایک روز قبل سپریم کورٹ سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کے کیس کی جلد سماعت کی درخواست کی تھی۔ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم انہیں پمز لے جایا گیا تھا، جس پر پی ٹی آئی نے توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔ عمران خان اگست 2023 سے زیر حراست ہیں۔



