انٹرنیٹ کی رفتار میں 60 فیصد اضافہ، حکومت کا مصنوعی ذہانت میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار گزشتہ ڈھائی برس میں 60 فیصد بڑھ گئی ہے، جبکہ ملک میں ڈیٹا کے استعمال میں دو ٹیرابٹس فی سیکنڈ کا اضافہ ہوا ہے۔ منگل کو اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی لائیو انٹرنیٹ گنجائش اب تقریباً سات ٹیرابٹس فی سیکنڈ تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے دو نئی سب میرین کیبلز بھی شامل کی گئی ہیں، فائبر آپٹک نیٹ ورک تین ملین سے بڑھ کر ساٹھ لاکھ سے زائد کنکشن تک پہنچ گیا ہے، اور ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی اسپیکٹرم نیلامی میں 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم پیش کیا گیا، جس سے مجموعی اسپیکٹرم 274 سے بڑھ کر 750 میگا ہرٹز سے تجاوز کر گیا۔
فائیو جی کے 18 لاکھ صارفین، مصنوعی ذہانت میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری
وزیر نے کہا کہ پاکستان میں فائیو جی سروس شروع ہو چکی ہے اور اب تک تقریباً 18 لاکھ صارفین اس سے جڑ چکے ہیں۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا، جو انفراسٹرکچر، مہارتوں، جدت اور رابطوں پر خرچ ہوگی۔ ان کے مطابق ڈیٹا گورننس پالیسی اگلے چند ہفتوں میں سامنے لائی جائے گی۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت 2033 تک 4.8 ٹریلین ڈالر کی عالمی معیشت بن جائے گی اور دنیا کی تقریباً 40 فیصد ملازمتوں پر اثر انداز ہوگی۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت نوکریاں ختم نہیں کرے گی بلکہ ان کی نوعیت بدل دے گی، اور جو لوگ اسے استعمال کرنا سیکھ لیں گے وہ سو گنا زیادہ پیداواری ہو سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل نیشن قانون اور قومی ماسٹر پلان
انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ کے تحت قائم پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان تیار کر رہی ہے، جس کے ساتھ زراعت، رئیل اسٹیٹ اور صحت کی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل خودمختاری کی طرف بڑھ رہا ہے اور مصنوعی ذہانت، رابطے اور سائبر سیکیورٹی اس تبدیلی کے مرکز میں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برس مارکۂ حق کے دوران اپنی سائبر صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا۔



