جمعہ, 20 نومبر 2026
جمعہ, 20 نومبر 2026|
تازہ ترین
سیاست

پاکستان اور قطر کے درمیان سیکیورٹی تعاون کا معاہدہ، انسداد دہشت گردی اور منشیات کے خلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق

News Cuff

اسلام آباد میں وزیراعظم سیکریٹریٹ کی عمارت، جہاں معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان اور قطر نے سیکیورٹی تعاون کے ایک معاہدے اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایکشن پلان پر دستخط کر دیے ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے، جبکہ دستاویزات پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت قطر کی انٹرنل سیکیورٹی فورس (لکھویا) اور پاکستان کی فیڈرل کانسٹیبلری کے درمیان خصوصی تربیت، مہارت کے تبادلے اور ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے میں تعاون ہوگا۔ دونوں ملکوں کی وزارت داخلہ کے درمیان سیکیورٹی تعاون کا ایک الگ معاہدہ بھی طے پایا۔ قطر کے وزیر داخلہ اپنے ملک کی انٹرنل سیکیورٹی فورس کے کمانڈر بھی ہیں، اور یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔

پولیس تبادلہ، سائبر سیکیورٹی اور تربیت

دستخط سے پہلے دونوں وزرائے داخلہ کی الگ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں پولیس افسران کے تبادلہ پروگرام کا دائرہ بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ قطر کی نیشنل سائبر سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ قطر پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید فائرنگ رینج بھی بنائے گا اور انسداد منشیات فورس کو اسکینرز فراہم کرے گا۔

عسکری قیادت سے بھی ملاقات، ایل این جی پر شکریہ

قطر کے وزیر داخلہ نے راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات میں قطر کی جانب سے مائع قدرتی گیس کی مسلسل فراہمی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

قرآن مجید اردو ترجمے کے ساتھ پڑھیںنماز کے اوقات • رمضان کیلنڈر • قرآنی دعائیں

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے