جمعہ, 20 نومبر 2026
جمعہ, 20 نومبر 2026|
تازہ ترین
کاروبار

کراچی میں آن لائن جوئے کے بڑے نیٹ ورک کا انکشاف، پانچ ملزمان گرفتار، 240 ارب روپے کی لین دین سامنے آ گئی

News Cuff

کراچی کی کلفٹن اسکائی لائن۔ فائل فوٹو

کراچی: قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی میں آن لائن جوئے اور بیٹنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ تین ماہ کی تحقیقات کے بعد سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق اس نیٹ ورک سے منسلک کھاتوں میں 240 ارب روپے سے زائد کی مشکوک لین دین ہوئی، جبکہ مجموعی مالی سرگرمی کا حجم ایک ہزار ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

این سی سی آئی اے کراچی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ تحقیقات کا آغاز اسٹیٹ بینک کی جانب سے مشکوک لین دین کی رپورٹس ملنے پر ہوا۔ ابتدا میں چھ ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک رقم سامنے آئی تھی، لیکن تحقیقات آگے بڑھیں تو مشتبہ کھاتوں میں آنے والی رقم 240 ارب روپے تک جا پہنچی۔ ایجنسی نے 38 بینک کھاتوں اور 40 افراد کی نشاندہی کی ہے، جبکہ 38 کمپنیوں کا کردار بھی زیرِ تفتیش ہے۔ مقدمے میں 32 کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو بھی نامزد ہیں۔

پانچ گرفتار، کروڑوں کے اثاثے منجمد
اب تک پانچ ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جن میں تین کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو اور دو ڈائریکٹر شامل ہیں۔ گرفتار افراد میں نیٹ ورک کا مبینہ سرغنہ سیف بھی شامل ہے۔ ایجنسی نے سات ملین ڈالر مالیت کی یو ایس ڈی ٹی کرپٹو کرنسی اور تقریباً ایک ارب روپے کے نقدی و دیگر اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔ مقدمہ 18 نومبر کو پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کیا گیا تھا۔

بیٹنگ ایپس اور جعلی کھاتے
شہزاد اکبر کے مطابق نیٹ ورک ون ایکس بیٹ، میل بیٹ، ایکس 777، اسٹیک، ایکس 555، 99 سی 444 اور ایکس 111 سمیت کئی بیٹنگ ایپس کے ذریعے کام کر رہا تھا۔ تحقیقات میں جعلی شناختی دستاویزات، فرضی کاروبار اور دوسروں کے نام پر کھولے گئے کھاتوں کا استعمال بھی سامنے آیا ہے، جو کرائے پر لے کر لین دین کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک بنیادی طور پر چینی شہریوں پر مشتمل ہے اور اس کے روابط کراچی سے باہر دیگر شہروں اور بیرونِ ملک تک پھیلے ہوئے ہیں۔ اسی پریس کانفرنس میں این سی سی آئی اے نے انٹیلی جنس اہلکاروں کا ڈیٹا ڈارک ویب پر بیچنے والے ہیکر، حوالہ ہنڈی کے لیے ڈائلر سافٹ ویئر فراہم کرنے والے ملزم اور جامعات میں منشیات سپلائی کرنے والے دو ملزمان کی گرفتاری کا بھی اعلان کیا۔

قرآن مجید اردو ترجمے کے ساتھ پڑھیںنماز کے اوقات • رمضان کیلنڈر • قرآنی دعائیں

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے