پٹرول اور ڈیزل 3 روپے فی لیٹر سستے، پٹرول 322 روپے لیٹر ہو گیا

حیدرآباد میں پی ایس او پٹرول پمپ۔ فائل فوٹو
اسلام آباد: حکومت نے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے بدھ کی شب جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 325 روپے سے کم ہو کر 322 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 358 روپے سے کم ہو کر 355 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ نئی قیمتیں آج جمعرات 19 نومبر سے نافذ ہو گئی ہیں۔
یہ پٹرول کی قیمت میں مسلسل بارہویں کمی ہے، اور صرف تین دن میں یہ تیسری بار قیمت کم ہوئی ہے۔ پیر کو دونوں ایندھن 2 روپے سستے ہوئے تھے، منگل کو پٹرول 3 روپے کم ہو کر 325 روپے ہوا تھا جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رہی تھی، اور اب بدھ کی شب ایک بار پھر دونوں میں 3 روپے کی کمی کر دی گئی۔
2 نومبر سے اب تک 52 روپے کی کمی
اوگرا کے مطابق 2 نومبر سے اب تک پٹرول 52 روپے 51 پیسے سستا ہو چکا ہے — اس وقت قیمت 374 روپے 51 پیسے تھی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اوگرا نے اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ اپنی ویب سائٹ پر شائع کرنا بھی شروع کر دی ہیں تاکہ عالمی قیمتوں میں تبدیلی کا فائدہ صارفین تک جلد پہنچ سکے۔
ٹیکس بدستور برقرار
قیمتوں میں کمی کے باوجود پٹرول پر 114 روپے اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر ٹیکس اور ڈیوٹیاں بدستور عائد ہیں۔ حکومت نے 2 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ 30 روز تک آئل ریفائنریز مجموعی طور پر 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کریں گی تاکہ پٹرولیم لیوی کا بوجھ صارفین پر نہ پڑے۔
پٹرولیم وزیر کے مطابق کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اوگرا اب عالمی منڈی کے رجحانات کو دیکھتے ہوئے ایندھن کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کرے گا۔



