پنجاب میں فحاشی پھیلانے والے تھیٹرز پر پابندیاں،صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تھیٹرز میں فحاشی، بے حیائی اور بیہودگی پھیلانے والی اداکاراؤں پر تاحیات پابندی عائد کرنے اور فحاشی پھیلانے والے تھیٹرز کے لائسنس کینسل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے پنجاب آرٹس کونسل کو تمام تھیٹرز مالکان سے انڈرٹیکنگ لینے کی ہدایت کی اور انڈرٹیکنگ کے بعد سیل شدہ تھیٹرز کو کھولنے کا حکم دیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ تھیٹرز کو فیملی تھیٹرز بنایا جائے، پنجاب میں ایسے تھیٹرز ڈرامے بننے چاہئیں جو فیملیز دیکھنے آئیں، تھیٹرز ڈرامے سماجی موضوعات پر مبنی ہونے چاہئیں تاکہ عوام کی رہنمائی ہو سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے تھیٹرز دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتے تھے، جن تھیٹرز مالکان اور اداکاراؤں کو فحاشی پھیلانے کا شوق ہے وہ پنجاب میں ڈرامہ نہیں کر سکتے، تھیٹرز کو فحاشی کی اڈے بنانے والوں کی اب کوئی جگہ نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت جلد تھیٹرز کے لئے نئی قانون سازی کرنے جا رہی ہے، تھیٹرز مالکان فیملی ڈرامے بنائیں، حکومت ان کو مکمل سپورٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام تھیٹرز کو آخری وارننگ دی جا رہی ہے، جس تھیٹر نے رولز کی خلاف ورزی کی تو پہلے شوکاز نوٹس آئیں گے، پھر جرمانہ ہوگا اور پھر لائسنس کینسل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کانسٹیبلز کی بھرتی میں عمران خان کی گرفتاری کا سوال