پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی زمین کی طرف روانہ، شین ژو 23 خلائی اسٹیشن سے الگ

تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے اندر شین ژو 23 اور شین ژو 24 کے عملے کی مشترکہ تصویر؛ پیچھے دائیں جانب پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی نظر آ رہے ہیں۔ (تصویر: وکیمیڈیا کامنز / چائنا نیوز سروس)
پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی خلائی مشن مکمل کر کے زمین کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔ انھیں لے جانے والا چین کا شین ژو 23 خلائی جہاز اتوار کی رات تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے الگ ہوا اور واپسی کے سفر پر روانہ ہو گیا۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق شین ژو 23 چین کے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 42 منٹ پر خلائی اسٹیشن سے الگ ہوا۔ ذیشان علی نے تیانگونگ پر تقریباً پانچ روز گزارے۔ وہ 25 نومبر کو شین ژو 24 پر سوار ہو کر اسٹیشن پہنچے تھے، اور چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی بنے تھے۔
واپسی کا سفر ساڑھے پانچ گھنٹے کا
ذیشان علی کے ساتھ واپسی کے مشن کے کمانڈر ژانگ ژی یوان اور ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی پہلی خلا باز لائی کا ینگ بھی سوار ہیں۔ لائی کا ینگ چین کی چوتھی خاتون خلا باز ہیں۔ شین ژو 23 کا واپسی والا کیپسول کنٹرول شدہ انداز میں زمین کے ماحول میں داخل ہو کر شمالی چین میں واقع ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پر اترے گا۔ الگ ہونے سے لینڈنگ تک کا سفر چین کے تین مداروں والے خودکار تیز رفتار واپسی کے طریقے کے تحت تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
مدار میں چار مشترکہ تجربات
ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ ماہر کے طور پر گئے تھے۔ مدار میں انھوں نے زندگی کے علوم اور مادی سائنس کے شعبوں میں چین اور پاکستان کے چار مشترکہ تجربات پر کام کیا۔
چاند اور مریخ تک کا خواب
روانگی سے قبل جیایوگوان میں پریس بریفنگ میں ذیشان علی نے کہا تھا کہ وہ چین کی حکومت کے شکر گزار ہیں جس نے ان کے خلا جانے کے خواب کو حقیقت بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اڑھائی سو ملین پاکستانیوں کی امیدیں لے کر چین کے خلائی مرکز پہنچے تھے۔ انھوں نے کہا، ‘یہ مشن کوئی اختتامی لکیر نہیں، ایک لانچ پیڈ ہے۔’ ان کی امید ہے کہ چین پاکستان خلائی تعاون کا اگلا باب ایک خلا باز اور ایک پرواز سے بڑھ کر کئی مشترکہ پروازوں، چاند اور مریخ تک جائے گا۔
ذیشان علی اور خرم داؤد کو رواں برس اپریل میں پاکستان سے تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ سپارکو اور چین کی خلائی ایجنسی کے درمیان فروری 2025 میں تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، جس کے تحت دو پاکستانیوں کو تربیت دی جانی تھی اور ان میں سے ایک کو تیانگونگ مشن میں شامل ہونا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو ذیشان علی کی روانگی پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے ‘ستاروں سے آگے’ کا سفر شروع کر دیا ہے۔



