آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں نان فائلرز پر ٹیکس بوجھ مزید بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق نان فائلرز کی جانب سے یومیہ 50 ہزار روپے سے زائد کیش نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح موجودہ 0.6 فیصد سے بڑھا کر 1.2 فیصد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں اضافہ
بجٹ تجاویز میں 850 سی سی سے چھوٹی گاڑیوں پر بھی سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں پر اضافی لیوی عائد کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
بینک ڈیپازٹس اور منافع پر ٹیکس
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں بینک ڈیپازٹس، بچت اسکیموں، منافع اور کیپیٹل گین پر بھی ٹیکس میں اضافہ متوقع ہے۔ تاہم، سپر ٹیکس کی شرح میں کمی کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ کارپوریٹ سیکٹر کو کچھ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں نئے مالی سال کا بجٹ 2 جون کو پیش ہو گا

