اسلام آباد میں ممنوعہ گوشت کا دھندہ بے نقاب، 800 کلو گوشت برآمد

پاکستان میں ایک گدھا۔ فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں حرام گوشت کے کاروبار کا ایک بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا ہے۔ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور پولیس نے سیکٹر ڈی 14 کے ایک مکان پر مشترکہ چھاپہ مار کر تقریباً 800 کلو گرام مشکوک گوشت برآمد کر لیا، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ گدھے اور کتے کا گوشت ہے۔
ذرائع کے مطابق چھاپہ پیر کی رات ساڑھے نو بجے کے قریب ایک اطلاع پر مارا گیا۔ مکان میں گوشت تیار کرنے اور ذخیرہ کرنے کا کام جاری تھا، اور چھاپہ مار ٹیم کو وہاں گوشت کے بڑے ذخیرے کے ساتھ ساتھ زندہ جانور بھی ملے۔
مکان سے کیا کچھ ملا؟
چھاپے کے دوران مکان سے 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا، پانچ زندہ کتے، 17 کچھوے، ایک گیدڑ اور ایک زندہ پینگولن بھی برآمد ہوا۔ پینگولن ایک نایاب جانور ہے جو قانون کے تحت محفوظ ہے۔ حکام کے مطابق برآمد شدہ گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، جبکہ زندہ جانور محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کر دیے گئے۔
مقدمہ درج، مکان سیل
فوڈ اتھارٹی کے ویٹرنری ماہر ڈاکٹر محمد شہباز ارشد کی شکایت پر گولڑہ تھانے میں 17 نومبر کو مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں اسلام آباد فوڈ سیفٹی ایکٹ 2021 کی دفعات 11، 12، 13 اور 14 لگائی گئی ہیں۔ مکان کو سیل کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مکان سے گوشت اور جانوروں کی نقل و حمل کا کوئی ریکارڈ یا اجازت نامہ نہیں ملا، جبکہ وہاں سے ایک غیر ملکی شہری کا پاسپورٹ اور ویزا ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں بھی ترنول میں ایک فارم ہاؤس سے تقریباً ایک ہزار کلو گرام مشکوک گوشت اور 50 سے زائد گدھے برآمد کیے گئے تھے۔



