لاہور: 3 ماہ میں 27 خواتین قتل، 151 سے زیادتی اور 1100 سے زائد اغوا ہوئیں
لاہور میں رواں سال کے پہلے تین ماہ کے دوران خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ جنوری سے لے کر مارچ تک شہر میں 27 خواتین کو قتل کیا گیا، 151 خواتین کے ساتھ زیادتی ہوئی اور 1100 سے زائد خواتین کو اغوا کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، اس عرصے کے دوران 1182 خواتین کے اغوا کے مقدمات درج ہوئے، جن میں سے 988 خواتین بازیاب ہوئیں، جبکہ 194 ابھی تک گمشدہ ہیں۔
اس کے علاوہ، جرائم پیشہ افراد نے 138 بچوں کو اغوا کیا، جن میں سے 14 بچے ابھی تک بازیاب نہیں ہو سکے۔ خواتین کے ساتھ زیادتی کے 151 مقدمات درج ہوئے، جن میں 110 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ 41 ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے۔ بچوں کے ساتھ زیادتی کے 47 مقدمات میں 44 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔
پولیس کے اعلیٰ افسر فیصل کامران کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے اور بیشتر مقدمات کا حل نکال لیا گیا ہے۔

