جگر کی صحت کیوں ضروری ہے؟
جگر انسانی جسم کا ایک اہم عضو ہے جو جسم سے زہریلے مادے خارج کرنے، خوراک کو توانائی میں بدلنے اور خون کو صاف کرنے جیسے کئی اہم افعال انجام دیتا ہے۔ اگر جگر متاثر ہو جائے تو نہ صرف اس کے اپنے امراض جنم لیتے ہیں بلکہ میٹابولزم، بلڈ شوگر اور جسمانی مدافعتی نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔ اس لیے جگر کو تندرست رکھنا عمومی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔
جگر کے لیے فائدہ مند غذائیں
کچھ غذائیں ایسی ہیں جن سے جگر کی صحت بہتر ہوتی ہے اور اس پر چربی چڑھنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
کافی
تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ کافی جگر کو چربی، سوزش اور سرطان سے تحفظ دیتی ہے، خاص طور پر دائمی جگر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔
جو کا دلیہ
جو میں موجود فائبر نہ صرف نظام ہاضمہ بہتر بناتا ہے بلکہ جگر کے افعال میں بہتری، مدافعتی نظام کی مضبوطی اور چربی کے جمع ہونے کے عمل کو روکنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
سبز چائے
سبز چائے میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جگر پر چربی چڑھنے سے روکتے ہیں اور جگر کے سرطان کا خطرہ بھی کم کرتے ہیں۔
لہسن
لہسن کے سفوف کے استعمال سے جگر کی چربی کم ہوتی ہے اور کینسر کے خطرے میں کمی آتی ہے۔
بیریز
بیریز خصوصاً بلیو بیری میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جگر کو عمر کے اثرات سے بچاتے ہیں۔
انگور اور گریپ فروٹ
ان میں موجود مرکبات ورم اور خلیاتی نقصان سے بچاتے ہیں، جبکہ اینٹی آکسائیڈنٹ کی سطح بہتر بناتے ہیں۔
مچھلی اور گریاں
اومیگا 3 فیٹی ایسڈز اور مفید چکنائی سے جگر میں چربی کی مقدار کم ہوتی ہے، ورم کم ہوتا ہے اور مجموعی افعال بہتر ہوتے ہیں۔
زیتون کا تیل
زیتون کا تیل چربی کے ذخیرے کو کم کرتا ہے اور جگر کے خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے۔
جگر کے لیے نقصان دہ غذائیں
کچھ غذائیں جگر کے افعال کو متاثر کرتی ہیں اور چربی کے جمع ہونے، ورم اور دیگر بیماریوں کا سبب بن سکتی ہیں۔
چینی
زیادہ میٹھے سے جگر میں چربی بننے کا عمل تیز ہو جاتا ہے، جو کہ فیٹی لیور کا باعث بنتا ہے۔
زیادہ چکنائی والی غذائیں
ایسی غذائیں جگر پر بوجھ ڈالتی ہیں اور اس کے افعال کو متاثر کرتی ہیں، جس سے سوزش اور نقصان ہوتا ہے۔
زیادہ نمک
نمکین غذا جسمانی وزن میں اضافے کا سبب بنتی ہے جو کہ فیٹی لیور کا ایک سبب بن سکتا ہے۔
فاسٹ فوڈ
فاسٹ فوڈ میں چینی، نمک اور چکنائی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جگر کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔
سرخ گوشت
اس میں موجود چکنائی جگر کے اردگرد چربی جمع کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔
سفید چاول اور ڈبل روٹی
زیادہ پراسیسڈ ہونے کی وجہ سے ان میں فائبر کم ہوتا ہے اور بلڈ شوگر میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے جو جگر کو متاثر کرتا ہے۔
احتیاطی تدابیر
اگر آپ جگر کی صحت برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو متوازن غذا، پانی کا مناسب استعمال، جسمانی سرگرمی اور نقصان دہ غذاؤں سے پرہیز لازم ہے۔ تاہم کسی بھی غذا یا علاج کے بارے میں حتمی فیصلہ اپنے معالج کے مشورے سے کریں۔
یہ بھی پڑھیں:دماغ کے لیے تباہ کن غذائیں جو عمر کے ساتھ ذہنی صحت کو متاثر کرتی ہیں