جمعرات, 26 نومبر 2026
جمعرات, 26 نومبر 2026|
تازہ ترین
کاروبار

پیٹرول 4 روپے سستا، ڈیزل 5 روپے: نئی قیمتیں آج سے نافذ

News Cuff

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک اور کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 4 روپے سستا ہو کر 314 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے سستا ہو کر 348 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ نئی قیمتیں آج، جمعرات 26 نومبر سے نافذ ہیں۔

ڈیزل چار ماہ بعد 350 روپے سے نیچے

ڈیزل کی قیمت چار ماہ بعد پہلی بار 350 روپے سے نیچے آئی ہے۔ دونوں ایندھن کی قیمتیں اب 18 جولائی کی سطح سے بھی کم ہیں، جب پیٹرول 316 روپے 15 پیسے اور ڈیزل 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر تھا۔ گزشتہ روز تک پیٹرول 318 روپے اور ڈیزل 353 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔

اوگرا کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر 114 روپے اور ڈیزل پر 100 روپے ٹیکس اور ڈیوٹیز وصول کی جا رہی ہیں۔ حکومت کے دو نومبر کے انتظام کے تحت آئل ریفائنریز 30 روز میں 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کر رہی ہیں، جس سے پیٹرول کی قیمت میں صارفین کو 14 روپے 71 پیسے فی لیٹر تک ریلیف مل رہا ہے۔

روزانہ قیمتوں کا سلسلہ جاری

17 جولائی سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت تقریباً روزانہ قیمتیں بدل رہی ہے۔ کابینہ اور وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ اوگرا بین الاقوامی رجحانات کی بنیاد پر روزانہ قیمتیں طے کرے گا۔

پیٹرول بنیادی طور پر نجی گاڑیوں، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں کمی سے متوسط اور نچلے متوسط طبقے کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ ڈیزل کی قیمت میں کمی سے بھاری ٹرانسپورٹ، بجلی گھروں اور بڑے جنریٹروں کی لاگت بھی کم ہوگی۔

یاد رہے کہ رواں سال تین اپریل کو ڈیزل 520 روپے 35 پیسے اور پیٹرول 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ حکومت نے 17 ستمبر سے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم بھی شروع کر رکھی ہے، جس کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی والا ایندھن ملتا ہے۔

قرآن مجید اردو ترجمے کے ساتھ پڑھیںنماز کے اوقات • رمضان کیلنڈر • قرآنی دعائیں

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے