مسجد نبوی میں ستمبر کے ایک مہینے میں 2 کروڑ 16 لاکھ زائرین کی حاضری، 14 لاکھ 49 ہزار نے روضہ رسول میں نماز ادا کی

مدینہ منورہ کی مسجد نبوی میں صرف ستمبر کے ایک مہینے میں 2 کروڑ 16 لاکھ سے زائد زائرین نے حاضری دی۔ حرمین شریفین کی نگرانی کے ذمہ دار ادارے جنرل اتھارٹی نے ماہانہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ زائرین کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 16 لاکھ 15 ہزار 977 رہی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسجد نبوی کی کشش اب صرف حج کے موسم تک محدود نہیں رہی۔
روضہ رسول میں نماز کی سعادت
اعداد و شمار کے مطابق 21 لاکھ 24 ہزار 421 زائرین نے روضہ اطہر پر حاضری دے کر سلام پیش کیا، جبکہ 14 لاکھ 49 ہزار 791 خوش نصیبوں کو ریاض الجنہ میں نماز ادا کرنے کا موقع ملا۔ یہ وہی مختصر سا حصہ ہے جو منبر اور حجرہ مبارک کے درمیان واقع ہے اور جہاں چند لمحوں کی نماز کے لیے زائرین گھنٹوں انتظار کرتے ہیں۔
زائرین کی خدمت کا بڑا انتظام
ان بڑی تعداد کے پیچھے خدمت کا ایک وسیع نظام کام کرتا ہے۔ راستہ بتانے والی خدمات سے 3 لاکھ 55 ہزار 130 زائرین نے رہنمائی لی، مہمان خدمت مراکز نے 2 لاکھ 87 ہزار 886 افراد کی مدد کی اور موبائل کارٹ سروس کے ذریعے 3 لاکھ 8 ہزار 261 زائرین کو آمد و رفت کی سہولت ملی۔ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے قائم خدمات سے 79 ہزار 599 زائرین مستفید ہوئے، جن میں بڑی تعداد ان عمر رسیدہ عازمین کی ہوتی ہے جو اس سہولت کے بغیر حرم میں چل پھر نہیں سکتے۔
لائبریری اور نمائشوں میں بھی رش
مسجد نبوی کی لائبریری میں بھی رونق رہی، جہاں ایک مہینے میں 81 ہزار 243 افراد آئے، جبکہ مسجد کی نمائشوں کو 1 لاکھ 37 ہزار 867 زائرین نے دیکھا۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ان اعداد سے اس کی اس مسلسل کوشش کا اندازہ ہوتا ہے کہ زائرین پرسکون ماحول میں عبادت کر سکیں، حالانکہ ایک ہی مہینے میں کئی ملکوں کی آبادی کے برابر لوگ ایک مسجد کے دروازوں سے گزرتے ہیں۔



