ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے آٹھویں روز تھیٹر اور موسیقی کی بہار، گھن چکر اور علی نور کے کنسرٹ میں ہجوم امڈ آیا

آرٹس کونسل کراچی میں ایک تھیٹر پرفارمنس کی فائل تصویر
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کے آٹھویں روز تھیٹر، موسیقی اور فنونِ لطیفہ کی رنگا رنگ سرگرمیوں نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ پچیس روزہ فیسٹیول کے اس روز بچوں کے تھیٹر سے لے کر مزاحیہ ڈرامے اور موسیقی کے کنسرٹ تک، ہر تقریب میں شائقین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
بچوں کا تھیٹر اور بیرونِ ملک فنکاروں کی ورکشاپس
دن کا آغاز ناروے کے ایلر تھیٹر کمپنی کے بچوں کے ڈرامے "گینگسٹر ہنٹنگ ود ڈیزی ڈیٹیکٹو” سے ہوا، جس میں جاسوس ڈیزی ایک پراسرار کیس کی گتھی سلجھاتی اور گینگسٹر کا پیچھا کرتی ہے۔ لابی میں کینیا کے معروف فنکار اونیسمس اوکامار نے فنونِ لطیفہ کی ورکشاپ کرائی اور پولینڈ کی ڈومینیکا سرگئی نے شرکا کو رنگوں اور کاغذ کے ذریعے امن و سکون کا پیغام دینے کی تکنیکیں سکھائیں۔ اوکامار نے کہا کہ ان کے فن میں خواتین مرکزی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کے کردار ہمیشہ روشنی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی چاہے کتنی ہی تاریک ہو، اہم یہ ہے کہ آپ روشنی کیسے تلاش کرتے ہیں۔
امن کا پیغام رنگوں، موسیقی اور تھیٹر سے
آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا کہ فنونِ لطیفہ امن کا پیغام پھیلانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہیں۔ ان کے بقول، ہم رنگوں، موسیقی اور تھیٹر کے ذریعے اپنا پیغام پہنچا سکتے ہیں، اور لوگوں کو امن چاہیے۔ امریکی موسیقار رضوان جگانی اور پیانو نواز سولٹو نے بھی چیمبر میوزک کی ورکشاپ کرائی اور اپنی شاندار پرفارمنس سے شرکا کو محظوظ کیا۔
گھن چکر پر ہجوم، اسٹوڈیو کے دروازے بند
فرحان رحیم کے مزاحیہ ڈرامے "گھن چکر” کو شائقین کا زبردست ردعمل ملا اور ہجوم اتنا بڑا تھا کہ اسٹوڈیو کے دروازے بند کرنا پڑے۔ تحریکِ نسواں نے شیما کرمانی اور ان کی ٹیم کے ساتھ "منٹو میرا دوست” پیش کیا، جس میں سعادت حسن منٹو اور عصمت چغتائی کی دوستی اور ادبی رفاقت کو موضوع بنایا گیا۔ ڈرامے میں تقسیم، ہجرت، مذہبی تعصب اور معاشرتی تضادات کی انسانی کہانی بھی اجاگر کی گئی۔
علی نور کا کنسرٹ، جون ایلیا لان تالیوں سے گونج اٹھا
دن کا اختتام جون ایلیا لان میں علی نور اور احسن باری کے کنسرٹ "پیور وائبز” سے ہوا۔ دونوں گلوکاروں نے اپنی آواز اور دلچسپ پرفارمنس سے شائقین کو مسحور کر دیا اور لان تالیوں اور داد سے گونج اٹھا۔ فلمی پروگرام "پاکستانی اینڈ اسٹوڈنٹ فلمز” میں جوجی، چاند پہ چرخا کاٹتی بڑھیا، پانی مٹھے جھوپرا اور دل دیاں گلاں بھی دکھائی گئیں۔ فیسٹیول 29 اکتوبر سے 22 نومبر تک جاری رہے گا۔



